ضلع اننت ناگ کے بجبہاڑہ علاقے میں کنیلون سے مڑہامہ تک کی سڑک انتہائی خستہ ہو چکی ہے، سڑک پر سے اٹھنے والے گرد و غبار سے راہگیروں سمیت مقامی آبادی کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
چند برس قبل 8کلومیٹر لمبی کنیلون - مڑہامہ سڑک کی تعمیر و مرمت کے علاوہ کئی مقامات پر توسیع بھی کی گئی تاہم سڑک کی کشادگی کی زد میں آنے والی زمین کا معاوضہ اب تک لوگوں فراہم نہیں کیا جا رہا ہے۔
مقامی باشندوں کے مطابق گزشتہ کئی برسوں سے پردھان منتری گرام سڑک یوجنا اسکیم کے تحت سڑکوں کی تعمیر و تجدید کے علاوہ توسیع کا کام بھی جاری ہے، اور کنیلون - مڑہامہ سڑک کو کشادہ کرنے کے لئے لوگوں سے اراضی حاصل کرکے انہیں معاوضہ فراہم کرنے کی یقین دہانی کی گئی تھی۔ تاہم سٹکی پورہ، کنیلون کے رہائشیوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ بعض زمین مالکان کو معاوضہ فراہم کیا گیا تاہم نامعلوم وجوہات کی بنا پر کئی افراد کو معاوضے سے محروم رکھا گیا۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ وہ تعمیر و ترقی کے حق میں ہیں تاہم سرکار کو بھی غریب عوام کا پاس و لحاظ رکھنا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے زمین مالکان کو بہت جلد معاوضہ دینے کا وعدہ کیا گیا تھا، مگر مہینوں گزرنے کے باوجود آج تک حکومت کی جانب سے انہیں معاوضہ نہیں دیا گیا جس سے پریشان ہوکر انہوں نے عدالت کا دروازہ کھٹکھٹایا۔
مزید پڑھیں:
ادھر، خستہ حال سڑک پر سٹے آرڈر کے باعث سڑک کی تعمیر و مرمت کا کام رکا پڑا ہے جس کے باعث راہگیروں سمیت مقامی باشندوں کو مشکلات سے دوچار ہونا پڑ رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:
اس ضمن میں ای ٹی وی بھارت کے نمائندے نے پی ایم جی ایس وائے کے اسسٹنٹ ایگزیکیٹو انجینئر سے فون پر رابطہ قائم کیا تو انہوں نے کہا کہ رابطہ سڑک پر مقامی لوگوں کو معاوضہ نہ ملنے کے سبب پی ایم جی ایس وائی کے کام پر سٹے آرڈر ہے جس کے باعث سڑک کی مزید تعمیر و مرمت کا کام رکا پڑا ہے۔ تاہم انہوں نے یقین دلایا کہ بہت جلد متاثرین کو معاوضہ فراہم کرکے سڑک کی مرمت کا کام دوبارہ شروع کیا جائے گا۔