پی ڈی پی کے سینئر رہنما اور لارنو، کوکرناگ سے فاتح قرار دی گئی ڈی ڈی سی ممبر خالدہ کے شوہر چودھری گلزار احمد کھٹانہ نے ہائی کورٹ فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ’’بالآخر سچ سامنے آ گیا۔‘‘
واضح رہے کہ لارنو، کوکرناگ سے ڈی ڈی سی نشست کے لئے 28 نومبر 2020 کو ووٹنگ ہوئی تھی، جس میں پی اے جی ڈی کی امیدوار خالدہ بی بی نے 7 ووٹوں سے جیت درج کی تھی۔ وہیں ان کی حریف آزاد امیدوار ساجدہ بیگم نے الیکشن کمیشن آف انڈیا سے از سر نو ووٹ گنتی کی درخواست کی تھی۔
درخواست کے بعد ایک ٹیم تشکیل دی گئی جنہوں نے از سر نو ووٹ شمار کرتے ہوئے ساجدہ بیگم کو کامیاب قرار دیا تھا جس پر خالدہ بی بی نے عدالت کا دروازہ کھٹکھٹایا۔
مزید پڑھیں: والد کی محنت اور لگن سے روبی جان کامیابی سے ہمکنار ہوئیں
ہائی کورٹ نے گزشتہ روز پی اے جی ڈی کی امیدوار خالدہ بی بی کو کامیاب قرار دیا۔ وہیں آج دن بھر خالدہ کے گھر پر لوگوں کا تانتا بندھا رہا اور لوگ ان سے ملاقات اور مبارکباد دینے انکی رہائش گاہ پہنچے۔
ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے خالدہ کے شوہر اور پی ڈی پی لیڈر چودھری گلزار احمد کھٹانہ نے عدالتی فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ انہیں امید تھی کہ بالآخر سچ سامنے آ جائے گا۔
کھٹانہ نے کہا کہ انہوں نے انتخابات سے قبل جو بھی وعدے لوگوں سے کیے تھے انہیں عملہ جامہ پہنانے کی پوری کوشش کی جائے گی۔