ضلع ترقیاتی کونسل کے انتخابات کے سلسلے میں ووٹوں کی گنتی کے عمل کو شفاف اور پرامن طریقہ سے انجام دینے کے لئے تمام ترحفاظتی انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔
وہیں حساس مقامات پر سکیورٹی کے اضافی دستے تعینات کئے گئے ہیں جس میں، سی آر پی ایف، پولیس، ایس او جی سمیت فوج کی مدد بھی طلب کی گئی ہے۔
تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے میں سکیورٹی اہلکار کو کوئی دشواری پیش نہ آئے۔
جنوبی کشمیر میں بھی سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کو حتمی شکل دی گئی ہے تاکہ گنتی کے عمل کو پر امن طریقے سے مکمل کیا جاسکے۔
واضح رہے کہ تمام مراکز پر ووٹوں کی گنتی کا آغاز ٹھیک صبح نو بجے سے شروع ہوگا ۔
ووٹوں کی گنتی کرنے والے عملہ کو صبح ساڑھے سات بجے مراکز پر حاضر ہونے کی ہدایت دی گئی ہے۔
توقع کی جارہی ہے کہ گیارہ بجے کے قریب انتخاباتی حلقہ جات کے نتائج کا اعلان ہونا شروع ہو جائے گا ۔
ابتدائی مرحلہ کے دوران ووٹر پیٹی کی گنتی عمل میں لائی جائے گی اور دیگر لوازمات پورا ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی کا عمل شروع کیا جائے گا۔
انتظامیہ کی جانب سے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کے لئے پاسز بھی جاری کئے گئے ہیں۔
وہیں کووڈ۔19 کی وجہ سے تمام افراد کو ٹیسٹ کرانا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں:ڈی ڈی سی انتخابات میں عوام کی شرکت حوصلہ افزاء: منوج سنہا
کووڈ ٹیسٹ کو دیکھ کر ہی گنتی مراکز میں داخلے کی اجازت دی جائے گی۔
محکمہ جل شکتی و پی ڈی ڈی کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ گنتی مراکز پر بلا تعطل بجلی، پینے کے پانی کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔
اس کے علاوہ شدید سردی کو دھیان میں رکھتے ہوئے گنتی مراکز پر گرمی فراہم کرنے والے آلات کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔
انتظامیہ کی جانب سے ضلع میں قائم کاؤنٹنگ مراکز کی سخت نگرانی کی جا رہی ہے۔
جنوبی کشمیر کے ڈوڈہ کے انتظامیہ آفیسر سمیع الرحمان نے بتایا کہ ڈوڈہ کے دو کاؤنٹنگ مراکز پر مرحلہ وار ہوئی پولنگ کے بعد تمام بیلٹ باکس کو بحفاظت رکھا گیا ہے اور جدید ٹکنالوجی کے ذریعہ اِن مراکز کی نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ کسی بھی سیاسی جماعت کو کوئی خدشہ نہ رہے ۔
خیال رہے کہ گنتی مراکز میں صدر دروازہ کے اندر کسی بھی شخص کو موبائل فون لانے کی اجازت نہیں دی گئی ہے اور تمام گاڑیوں کے داخلے پر پابندی عاید کردی گئی ہے۔