میلبورن: آسٹریلین اوپن کے مین ڈرا میں کوالیفائی کرنے والے واحد بھارتی کھلاڑی پرجنیش گنیشورن ٹورنامنٹ کے پہلے راؤنڈ میں شکست کے ساتھ ہی باہر ہوگئے۔
پرجنیش گنیشورن کو جاپان کی تاسوما ایٹو نے 4-6، 2-6، 5-7 سے شکست دی۔
واضح رہے کہ کوالیفائر کے آخری راؤنڈ میں شکست کے باوجود پرجنیش آسٹریلیائی اوپن کے مین راؤنڈ میں پہنچ گئے تھے۔
پرجنیش کو متعدد کھلاڑیوں کے زخمی ہونے اور ایک کھلاڑی کے مثبت ڈوپنگ پر پابندی کی وجہ سے آسٹریلیائی اوپن کے مین ڈرا میں جگہ ملی تھی۔
آسٹریلیائی کے ایلیکس ڈی مینور اور پولینڈ کے کامل مزراک زخمی ہونے کی وجہ سے باہر ہوگئے اور چلی کے نکولس جیری پر ڈوپنگ کی وجہ سے پابندی عائد کردی گئی تھی۔ ان تینوں کے باہر جانے کی وجہ سے پرجنیش کو موقع ملا لیکن وہ
اس موقع سے فائدہ نہیں اٹھا سکے اور وہ 144 ویں نمبر کی جاپانی کھلاڑی تاسوما ایٹو سے ہار گئے۔ یہ میچ دو گھنٹے اور ایک منٹ تک جاری رہا۔
پرجنیش مسلسل پانچویں مرتبہ کسی گرینڈ سلیم کا مرکزی راؤنڈ کھیل رہے تھے۔ اگر پرجنیش یہ میچ جیت جاتا تو اس کا اگلا میچ ورلڈ نمبر 2 سربیا کے نوواک جوکووچ سے ہوتا۔
واضح رہے کہ پرجنیش اور جاپان کی تاسوما ایٹو کے درمیان میچ پیر کو کھیلا جانا تھا لیکن بارش کی وجہ سے میچ کا شیڈول تبدیل کردیا گیا اور میچ پیر کی بجائے منگل کو کھیلا گیا۔