فیڈرر کو اپنے گروپ کے پہلے ہی میچ میں تھیم کے ہاتھوں مسلسل سیٹوں میں 5-7، 5-7 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ جوکووچ نے اٹلی کے نووارد کھلاڑی ماٹيو کو 6-2، 6-1 سے شکست دی۔
38 سال کے سوئس کھلاڑی کی اوپننگ گیم میں تھیم نے سروس بریک کی۔ اپنے سے 12 سال کم عمر نوجوان آسٹريائی کھلاڑی سے 5-5 کی برابری کے بعد تھیم نے 11 واں اور 12 واں گیم جیت کر پہلا سیٹ اپنے نام کیا۔ دوسرے سیٹ میں بھی تھیم اور فیڈرر نے برابری کے بعد آسٹریلوی کھلاڑی نے 11 واں گیم جیت کر 7-5 سے سیٹ اور میچ اپنے نام کیا۔فیڈرر نے کہاکہ میری شروعات خراب رہی اور اس کی وجہ سے میں واپسی نہیں کر پایا۔ دلچسپ ہے کہ سوئس ماسٹر کی تھیم کے خلاف سات مقابلوں میں یہ پانچویں شکست ہے۔
اس سے پہلے پانچ بار کے چمپئن جوکووچ نے اپنے بوجورن بورج گروپ کے اوپننگ میچ میں اطالوی کھلاڑی کو محض 64 منٹ میں شکست دے دی۔ 23 سال کے ماٹيو نے میچ کے بعد کہاکہ ہم کافی فلیٹ اور تیز کھیل رہے تھے لیکن جوکووچ مجھ سے بہتر تھے اور ان سے پوائنٹس جیتنا مشکل تھا۔ فیڈرر اپنے گروپ کے دوسرے میچ میں ماٹيو سے کھیلیں گے جبکہ جوکووچ کا میچ اب تھیم سے ہوگا ۔ آندرے اگاسی گروپ کے پہلے راؤنڈ کے میچ میں روس کے ڈینیل مدویدیف کا مقابلہ یونان کے اسٹیفا نوس ستسپاس سے ہوگا جبکہ عالمی نمبر ایک رافیل نڈال کا میچ گزشتہ چمپئن الیکساندر جوئریو سے ہوگا۔