سریندر گل کا تعلق ہریانہ کے روہتک ضلع سے ہے، پچھلے سیزن میں ان کی عمدہ کارکردگی کو دیکھتے ہوئے یوپی یودھا UP Yoddha نے اس بار بھی اپنی ٹیم میں انہیں برقرار رکھا ہے۔ 6 فٹ 3 انچ لمبے نوجوان کبڈی ریڈر Kabaddi Raider سریندر گل نے گزشتہ سیزن میں یوپی یودھا کے لیے 8 میچ کھیلے جس میں وہ کل 189 ریڈ کرتے ہوئے 80 پوائنٹس حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ انہوں نے بتایا کہ ’’پچھلے سیزن میں کیمپ نیلامی کے بعد ہی لگایا گیا تھا جہاں ہم اپنی ٹریننگ کرتے تھے لیکن اس سال یوپی یودھا کی اپنی کبڈی اکیڈمی بن جانے سے ہم سب نے نیلامی سے پہلے وہاں مشق شروع کردی۔
UP YODDHA BK KABADDI ACADEMY
اکیڈمی میں کھانے پینے سے لے کر قیام اور جسمانی تربیت تک سب کچھ ایک جگہ پر حاصل کرنے کے لیے بہت مناسب انتظامات ہیں، ہمیں کسی چیز کی کمی کا سامنا نہیں کرنا پڑا، اس لیے اس بار ہم سب نے BK کبڈی اکیڈمی میں 2-3 سے اپنی ٹریننگ شروع کردی۔ "بائیو ببل میں رہنے سے تمام کھلاڑیوں پر کچھ اثر پڑا ہے کیونکہ ہر وقت ایک جگہ پر رہنا اور وہاں سب کچھ کرنا آسان نہیں ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ ’میں نے اپنی کبڈی کا آغاز 2016 میں نوئیڈا اترپردیش کی دادری اکیڈمی سے کیا جہاں میں نے ایم جی یونیورسٹی روہتک کے لیے کھیل کر طلائی تمغہ جیتا تھا۔ یوپی یودھا کبڈی ٹیم کے ٹرائلز کا پہلا دور دہلی کے آرمی سینٹر میں اور غازی آباد میں دوسرا راؤنڈ تھا، جہاں مجھے کوچ صاحب اور مینیجر صاحب نے ٹیم کا حصہ بننے کے لیے منتخب کیا تھا۔
یوپی یودھا UP Yoddha کا پی کے ایل میں یہ چوتھا سیزن ہوگا جہاں جی ایم آر فرنچائز کو خطاب کے لیے سرفہرست دعویدار سمجھا جا رہا ہے۔ پردیپ ناروال کے شامل ہونے سے ٹیم کو مزید تقویت ملی ہے۔ بتا دیں کہ PKL کا آٹھواں سیزن 22 دسمبر سے شروع ہونے جا رہا ہے جس میں یوپی یودھا سیزن کے پہلے ہی دن 9:30 PM IST پر دفاعی چیمپئن بنگال واریئرز سے مد مقابل ہوں گے۔ کورونا کے بڑھتے ہوئے پھیلاؤ اور سب کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے، پی کے ایل کے تمام میچز وائٹ فیلڈ ہوٹل کنونشن سینٹر بنگلور میں بائیو ببل میں کھیلے جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں:
نوئیڈا: جونیئر پرو کبڈی لیگ کی ٹیموں کا اعلان
*بائیو ببل کیا ہے:*
ایک ایسا ماحول جو بیرونی دنیا سے بلکل منقطع ہو اور ٹورنامنٹ میں شامل ہر فرد، بشمول کھلاڑی، سپورٹ عملہ اور میچ آفیشلز صرف کچھ جگہوں تک محدود رہیں گے اور وہاں موجود افراد کے علاوہ کسی سے نہیں ملیں گے اور تمام ایس او پیز پر باقاعدگی سے عمل کریں گے تاکہ انفیکشن ہونے کے امکانات کو بالکل ختم کیا جا سکے۔ ایک طرح سے قرنطینہ سمجھا جا سکتا ہے۔ بائیو ببل کا ایک اہم عنصر یہ ہے کہ کھلاڑیوں کو ٹورنامنٹ کی مدت کے دوران اپنے خاندان، ملاقاتیوں، دوستوں اور رشتہ داروں تک رسائی کی اجازت نہیں ہوگی۔