ممبئی: ہندوستانی مڈل آرڈر بلے باز شریاس ائر کمر کی انجری کی وجہ سے آسٹریلیا کے خلاف 9 فروری سے شروع ہونے والے بارڈر گواسکر ٹرافی کے پہلے ٹیسٹ سے باہر ہو گئے ہیں۔
ای ایس پی این کرک انفو نے بدھ کو یہ اطلاع بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کے ذرائع کے حوالے سے دی۔
دسمبر میں بنگلہ دیش میں کھیلی گئی ٹیسٹ سیریز کے بعد ائیر کو کمر میں سوجن کی وجہ سے انجکشن لگایا گیا تھا۔ ائیر چوٹ ٹھیک نہ ہونے کی وجہ سے نیوزی لینڈ کی ون ڈے سیریز سے باہر ہو گئے اور بحالی کے لیے بنگلورو میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی اے) گئے۔
ائیر کو 9 فروری سے شروع ہونے والی ٹیسٹ سیریز کے لیے بنگلورو سے ناگپور روانہ ہونا تھا، لیکن ذرائع کے مطابق این سی اے کی جانب سے انھیں مکمل طور پر فٹ قرار نہیں دیا گیا ہے اور انھیں اپنی بحالی میں توسیع کا مشورہ دیا گیا ہے۔
ای ایس پی این کرک انفو نے کہا کہ آئیر کی بحالی کو احتیاط کے ساتھ بڑھایا گیا ہے اور ان کا مسئلہ سنگین نہیں ہے۔ وہ 17 فروری سے دہلی میں شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ کے لیے ٹیم میں شامل ہوسکتے ہیں۔ ائیر کی غیر موجودگی میں مڈل آرڈر میں شبھمن گل یا لوکیش راہل ان کی جگہ لے سکتے ہیں۔
آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے لیے ہندوستانی ٹیم: روہت شرما (کپتان)، لوکیش راہل (نائب کپتان)، شبھمن گل، چیتشور پجارا، وراٹ کوہلی، شریکر بھرت (وکٹ کیپر)، ایشان کشن (وکٹ کیپر)، روی چندرن اشون، اکشر پٹیل، کلدیپ یادو، رویندرا جڈیجہ، محمد شامی، محمد سراج، امیش یادو، جے دیو انادکت، سوریہ کمار یادو۔ یواین آئی۔