بین الاقوامی اولمپک کمیٹی نے تمام قومی اولمپک کمیٹیوں کو بھیجے گئے خط میں اولمپک کوالیفائنگ کے لئے نئی تاریخیں مقررکی ہیں۔ عالمی وبا کی شکل اختیار کرنے والے کورونا کے بڑھتے خطرے کو دیکھتے ہوئے آئی او سی اور میزبان ملک جاپان نے ٹوکیو 2020 کوملتوی کر دیا تھا اور اب اس کا انعقاد اگلے سال 23 جولائی سے آٹھ اگست تک کیا جائے گا۔
نئی نظر ثانی کوالیفائنگ عمل کو کوالیفائنگ ٹاسک فورس نے منظوری دے دی ہے اور اس سے بین الاقوامی کھیل فیڈریشنوں کو مطلع کر دیا گیا ہے۔
آئی او سی نے بتایا کہ نئی کوالیفائنگ کی آخری تاریخ 29 جون 2021 ہوگی اور بین الاقوامی فیڈریشن اپنی کوالیفائنگ کی آخری مدت طے کر سکتی ہیں لیکن یہ 29 جون سے پہلے ہونا چاہئے۔
کھیلوں کے اندراج کی آخری تاریخ پانچ جولائی رکھی گئی ہے۔ آئی او سی پہلے ہی کہہ چکا تھا کہ جو کھلاڑی اولمپک کوٹہ حاصل کر چکے ہیں ان کا کوٹہ برقرار رہے گا۔
کوالیفائنگ عمل میں ترمیم کو جلد سے جلد حتمی شکل دی جائے گی جس سے کھلاڑی اور قومی اولمپک کمیٹی مطمئن ہو سکیں۔
آئی او سی نے کہا کہ کھیل کی تاریخوں اور مقامات کی مکمل تفصیلات ابھی بتا پانا مشکل ہے اور کورونا کے اثرات کم ہونے اور اس سے جڑی سفری پابندی ختم ہونے پر ہی چیزیں واضح ہو پائیں گی۔
آئی او سی نے بتایا کہ کوالیفائنگ عمل کو اپریل کے وسط تک طے کر لیا جائے گا۔آئی او سی نے کہاکہ ہم کوالیفکیشن عمل کو اپریل کے وسط تک حتمی شکل دینا چاہتے ہیں اور پھر جیسے جیسے چیزیں آگے بڑھیں گی، کوالیفائنگ عمل کے بارے میں بتایا جائے گا۔
جو کوالیفائنگ ٹورنامنٹ کورونا کی وجہ سے ملتوی کئے گئے ہیں، انہیں آگے کیا جائے گا۔ جہاں کوٹہ الاٹمنٹ رینکنگ کی بنیاد پر طے کئے جانے ہیں، اس میں بین الاقوامی فیڈریشنوں کے پاس اپنی نئی رینکنگ وقت کی حد مقرر کرنے کا حق رہے گا۔
آئی او سی نے کہا کہ وہ ایسے فیصلوں کی سنجیدگی کو سمجھتا ہے۔ ایسی صورت میں توازن قائم کرنے کی ضرورت ہے جہاں کھلاڑی گزشتہ 2020 کی آخری مدت کی بنیاد پر کوالیفائی کرنے کے قریب تھے اور ان کے مفادات کی حفاظت کرنی ہے اور ساتھ ہی یہ بھی یقینی بنانا ہے کہ ٹوکیو اولمپکس میں بہترین کھلاڑی ہی اتریں۔
اس میں 2021 سیزن میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کو کوالیفائی کرنے کا موقع ملے۔آئی او سی نے کہا کہ جو کھلاڑی اولمپک کے لئے کوالیفائی کر چکے ہیں ان کا کوٹہ برقرار رہے گا۔
بین الاقوامی فیڈریشنوں کے پاس عمر اہلیت معیار کو بڑھانے اور کم سے کم عمر کی حد مقرر کرنے کا حق رہے گا۔ کم از کم عمر کی حد ان کھلاڑیوں کے لئے ہے جو جولائی 2020 کے لئے اہل نہیں تھے لیکن 2021 میں کم از کم عمر کی حد کو پورا کرتے ہیں۔
بعض صورتوں میں کوالیفائنگ کوٹہ قومی اولمپک کمیٹی نے حاصل کئے ہیں جبکہ بعض صورتوں میں براہ راست کھلاڑیوں نے کوٹہ حاصل کئے ہیں۔ ان تمام معاملات میں اولمپک چارٹر کے مطابق متعلقہ قومی اولمپک کمیٹی کو اولمپک کے لئے کھلاڑیوں کو منتخب کرنے کا حق رہے گا جو اولمپکس میں اس کی نمائندگی کریں۔