اورلینز: بھارت کے پریانشو راجاوت نے جمعرات کو جاپان کے ٹاپ سیڈ کینتا نشیموتو کو سیدھے گیمز میں شکست دے کر اورلینز ماسٹرز سپر 300 بیڈمنٹن ٹورنامنٹ کے مردوں کے سنگلز کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی۔ عالمی نمبر 58 کھلاڑی پریانشو نے میڈرڈ اسپین ماسٹرز میں مردوں کے سنگلز کا ٹائٹل جیتنے والے عالمی نمبر 12 نشیموتو کو 21-8، 21-16 سے شکست دے کر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ کوارٹر فائنل میں پریانشو کا مقابلہ چائنیز تائپے کے چی یو جین سے ہوگا۔ راجاوت نے پہلے گیم کے اوائل میں ہی 10-0 کی زبردست برتری حاصل کی جبکہ نشیموتو کو کھاتہ کھولنے کے لیے سخت جدوجہد کرنی پڑی۔ نشیموتو نے وقفے کے بعد بہتر کھیل پیش کیا لیکن وہ 21-8 سے شکست سے بچ نہ سکے۔ نشیموتو دوسرے گیم میں 6-2 کی برتری حاصل کرنے میں کامیاب رہے لیکن راجاوت نے جلد ہی واپسی کرتے ہوئے اسے 10-10 سے برابر کردیا۔ نشیموتو وقفے پر 11-16 سے آگے تھے لیکن پریانشو نے وقفے کے بعد لگاتار چھ پوائنٹس حاصل کیے۔
نشیموتو نے میچ کے آخری حصے میں اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا لیکن پریانشو نے اپنی برتری کو برقرار رکھا اور کوارٹر فائنل میں داخلہ حاصل کیا۔ پریانشو کوارٹر فائنل میں چائنیز تائپے کے چی یو جین سے مقابلہ کریں گے۔ یو جین نے متھن منجوناتھ کو 21-15، 21-19 سے شکست دی۔ مکسڈ ڈبلز کے پری کوارٹر فائنل میں ملائیشیا کے چن تانگ جی اور تو ای وی نے بھارت کے سائی پرتیک اور تنیشا کرسٹو کو سخت مقابلے کے بعد 21-23، 21-17، 23-21 سے شکست دی۔ دوسری جانب جاپان کی ناٹسوکی نیدایرا نے تانیا ہیمنت کو 21-8، 21-17 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں داخلہ حاصل کیا۔
یہ بھی پڑھیں: National Badminton Championship انوپما اور متھن نے سنگلز کا خطاب جیتا
یو این آئی