نئی دہلی: ایشیائی چیمپئن شپ 2021 کی کانسی کا تمغہ جیتنے والی ساکشی چودھری اور ٹوکیو اولمپک تمغہ جیتنے والی لولینا بورگوہین نے پیر کو اپنے اپنے پری کوارٹر فائنل میں متفقہ طور پر جیت کر خواتین کی عالمی باکسنگ چیمپئن شپ کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔ ساکشی نے شروع سے ہی قزاخستان کی دزیرا اراک بائیفا پر دباؤ ڈالا اور 52 کلوگرام زمرے میں یکطرفہ مقابلے میں 5-0 سے جیت درج کی۔ لولینا نے 75 کلوگرام کیٹیگری میں میکسیکو کی وینیسا اورٹیز کو 5-0 سے شکست دی۔ اندرا گاندھی اسپورٹس کمپلیکس میں منعقدہ چیمپئن شپ میں، لولینا نے دفاعی انداز میں اپنا مقابلہ شروع کیا اور انہیں اپنی فارم تلاش کرنے میں وقت لیا۔
پستہ قد اورٹیز کے خلاف لولینا کو ہوشیار دفاع کرنا پڑا، لیکن جیسے جیسے باؤٹ آگے بڑھتا گیا ، لولینا نے اپنے حریف پر غلبہ حاصل کر لیا۔ لولینا نے جیت کے بعد کہا کہ ’مخالف باکسر کا قد مجھ سے چھوٹا تھا، میں نے آگے آکر کھیلنے کی کوشش کی لیکن چھوٹے باکسر کے خلاف ایسا کرنا آسان نہیں ہے، میں نے بہت سارے منصوبے بنائے لیکن میں ہر چیز کو عملی جامہ پہنانے میں کامیاب نہیں ہوسکی۔ میری کوشش ہوگی کہ اگلے باؤٹ میں میں اس سے بہتر کرسکوں۔ انہوں نے کہا کہ میں پہلی بار 75 کلوگرام کیٹیگری میں کھیل رہی ہوں۔ دوسرے باکسر پہلے ہی اس کیٹیگری میں ہیں اس لیے میرے لیے مشکل ہو گی لیکن میں اپنا 100 فیصد تعاون دوں گی۔
یہ بھی پڑھیں: Women's World Boxing Championships نکہت زرین نے رومیسا کو شکست دے کر پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی
دوسری طرف ساکشی نے اپنی پہنچ کا بہترین استعمال کیا اور دونوں ہاتھوں سے مکے برسائے۔ وہ شروع سے ہی مکمل کنٹرول میں نظر آئی اور پہلا راؤنڈ میں جیت حاصل کی۔ دو بار کی عالمی یوتھ چیمپیئن نے اگلے دو راؤنڈ میں اپنی حریف کو واپسی کا موقع نہیں دیا،اور اپنی رفتار اور ہوشیار حملہ آور حکمت عملی کے ساتھ متفقہ فیصلہ سے آسانی سے جیت درج کر لی۔ ساکشی نے جیت کے بعد کہا’’قزاخستانی باکسر (اراک بائیفا) ایک مضبوط حریف تھی اس لیے میں نے سوچا کہ فائٹ کا اسکور اوپر یا نیچے جا سکتا ہے لیکن کوچز اور بی ایف آئی کی حکمت عملی پر عمل کرنے کے بعد، میں اچھا کھیلنے میں کامیاب رہی۔
یو این آئی