قومی دارالحکومت دہلی میں ہفتے کے روز پریس کانفرنس کے دوران ٹوکیو اولمپک میں بھارت کی میڈل امیدوں کے بارے میں پوچھے جانے پر وزیر کھیل کرن ریجیجو نے کہا کہ ابھی تمغے کی بات کرنا ٹھیک نہیں ہے، لیکن ہماری تیاریاں اچھی چل رہی ہیں۔ ہمارے جتنے کھلاڑیوں نے اولمپک کے لئے کوالیفائی کیا ہے اور جن کے کوالیفائی کرنے کا امکان ہے ہمیں ان سے کافی توقعات ہیں۔
وزیر کھیل نے کھلاڑیوں کو حکومت کی طرف سے ہر طرح کی مدد کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ ہمارا کام کھلاڑیوں کو مدد دینا ہے، لیکن یہ بتانا کہ کتنے تمغے جیتے جائیں گے ابھی ٹھیک نہیں ہوگا۔ ہماری جانب سے کھلاڑیوں کی تیاری کے لئے کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔ ایتھلیٹ ہم سے جو مانگیں گے ہم وہ فراہم کریں گے۔ کھلاڑیوں کو آگے آکر بتانا ہوگا کہ ان کی کیا ضروریات ہیں۔
رجیجو نے یہ بھی کہا کہ جو کھلاڑی اولمپک کیلئے کوالیفائی کرچکے ہیں اور جو کرنے والے ہیں انہیں ٹارگیٹ اولمپک پوڈیم اسکیم سے علیحدہ مدد فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کو اگر ایک کھیل قوم بننا ہے تو ملک میں کھیلوں کے لئے جنون پیداکرنا ہوگا۔ اس کے لئے فٹ انڈیا موومنٹ اور کھیلو انڈیا موومنٹ کے ذریعے ملک میں کھیلوں کا ماحول پیدا کیا جارہا ہے۔