نئی دہلی: ہاکی انڈیا نے رورکیلا میں عالمی چیمپئن جرمنی اور دنیا کے چوتھے نمبر کی ٹیم آسٹریلیا کے خلاف آئندہ بین الاقوامی ہاکی فیڈریشن (ایف آئی ایچ) مردوں کی ہاکی پرو لیگ فکسچر کے لیے پیر کو 20 رکنی بھارتی اسکواڈ کا اعلان کیا۔ بھارتی ٹیم کی قیادت تجربہ کار ڈریگ فلکر ہرمن پریت سنگھ کریں گے، جنہوں نے گزشتہ سال اکتوبر اور نومبر میں اسپین اور نیوزی لینڈ کے خلاف پرو لیگ 2022-2023 کے میچوں کے دوران بطور کپتان بھارتی ٹیم کو اہم فتوحات دلائی تھیں۔ ہاردک سنگھ کو ٹیم کا نائب کپتان بنایا گیا ہے۔ تجربہ کار گول کیپر پی آر سریجیش کو سپورٹ کرنے کے لیے نوجوان کوشل پون کو اس بار ٹیم میں شامل کیا گیا ہے، جب کہ کرشن بہادر پاٹھک نے اپنی شادی کے لئے ذاتی رخصت مانگی ہے۔ پرو لیگ کے میچوں میں بھارتی دفاع کی ذمہ داری ہرمن پریت سنگھ، جوگراج سنگھ، نیلم سنجیپ سیس، جرمن پریت سنگھ، سمیت، منجیت اور من پریت سنگھ پر ہوگی۔
ہاردک کو مڈ فیلڈ میں وویک ساگر پرساد، موئرنگتھم روی چندرن سنگھ، وشنوکانت سنگھ، دلپریت سنگھ، شمشیر سنگھ اور راجکمار پال سپورٹ کریں گے۔ ایس کارتی، سکھجیت سنگھ، ابھیشیک اور گرجنت فارورڈ لائن دیکھیں گے۔ ڈیوڈ جان اور بی جے کریپا کو شیویندر سنگھ کے ساتھ پرو لیگ میچوں کے لیے ٹیم کا عبوری کوچ مقرر کیا گیا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ سابق کوچ گراہم ریڈ نے ہاکی ورلڈ کپ میں ہندوستان کی خراب کارکردگی کے بعد اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ ٹیم کے انتخاب پر بات کرتے ہوئے ہاکی انڈیا کے صدر دلیپ ٹرکی نے کہاکہ "قومی سلیکٹرز نے ایک نوجوان ٹیم کا انتخاب کیا ہے جو بین الاقوامی سطح پر اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ وہ سینئر کھلاڑیوں کی موجودگی سے اچھی طرح سیکھیں گے جنہیں ہندوستان کے لیے کھیلنے کا وسیع بین الاقوامی تجربہ ہے۔ ٹیم ایک عبوری کوچ کے تحت کھیلے گی جب تک کہ رورکیلا میں ایف آئی ایچ ہاکی پرو لیگ میں ہاکی انڈیا کے نئے ہیڈ کوچ کا اعلان نہیں کیا جاتا۔
جن کھلاڑیوں کا انتخاب نہیں کیا گیا ہے انہیں اتوار سے بنگلورو میں شروع ہونے والی تیسری ہاکی انڈیا سینئر مینز انٹر ڈپارٹمنٹ نیشنل چیمپئن شپ 2023 میں کھیلنے کے لیے قومی کوچنگ کیمپ سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔ یہ 20 رکنی ہندوستانی دستہ بنگلورو میں اسپورٹس اتھارٹی آف انڈیا (ایس اے آئی) کے مرکز میں 6 مارچ تک ٹریننگ کرے گا، جس کے بعد تمام کھلاڑی رورکیلا کے لیے روانہ ہوں گے۔ بھارت کا پہلا مقابلہ 10 مارچ کو عالمی چیمپئن جرمنی کے خلاف ہوگا جب کہ جرمنی اور آسٹریلیا 11 مارچ کو آمنے سامنے ہوں گے۔ بھارت اور آسٹریلیا کی ٹیمیں 12 مارچ کو آمنے سامنے ہوں گی جبکہ 13 مارچ کو بھارت دوسری بار جرمنی کے خلاف کھیلے گا۔ اگلے روز 14 مارچ کو جرمنی اور آسٹریلیا ایک بار پھر ٹکرائیں گے جب کہ اس سیریز کے آخری میچ میں 15 مارچ کو بھارت دوسری بار آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گا۔
یہ بھی پڑھیں: Hockey World Cup 2023 ہاکی ورلڈ کپ میں بھارت نویں مقام پر رہا
ایف آئی ایچ ہاکی پرو لیگ 2022-23 کے لیے بھارتی مردوں کا دستہ:
گول کیپر: سریجیش پراٹو رویندرن، پون... دفاع: ہرمن پریت سنگھ (کپتان)، جوگراج سنگھ، نیلم سنجیپ، جرمن پریت سنگھ، سمیت، منجیت، منپریت سنگھ.. مڈ فیلڈرز: ہاردک سنگھ (نائب کپتان)، وویک ساگر پرساد، موئرنگتھم روی چندرن سنگھ، وشنوکانت سنگھ، دلپریت سنگھ، شمشیر سنگھ، راج کمارپال..... فارورڈ: ایس کارتی، سکھجیت سنگھ، ابھیشیک، گرجنت سنگھ۔
یو این آئی