بنگلورو: بھارتی مردوں کی ہاکی ٹیم 26 مئی سے شروع ہونے والے یوروپ میں ایف آئی ایچ ہاکی پرو لیگ کے میچوں کے لیے پیر کو لندن روانہ ہوگئی۔ بھارتی ٹیم لندن میں اپنی یوروپ مہم کا آغاز کرے گی، جہاں اس کا مقابلہ دفاعی اولمپک چیمپئن بیلجیم (26 مئی اور 2 جون) اور میزبان برطانیہ (27 مئی اور 3 جون) سے ہوگا۔ ہرمن پریت سنگھ کی ٹیم اس کے بعد میزبان نیدرلینڈز (7 اور 10 جون) اور ارجنٹائن (8 اور 11 جون) کے خلاف اپنے فائنل میچوں کے لیے آئندھوون روانہ ہوگی۔ کپتان ہرمن پریت نے یوروپ کے لیے پرواز کرنے سے پہلے کہا، "ہمارے پاس ایف آئی ایچ پرو لیگ سیزن کے اختتام پر بہت اہم میچز آنے والے ہیں۔ ہم اب تک ٹیبل میں مضبوط پوزیشن میں ہیں اور ہم باقی میچوں میں زیادہ سے زیادہ پوائنٹس حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔"
کپتان ہرمن پریت نے کہا کہ 'ہم اس دورے کے بارے میں پرجوش ہیں کیونکہ یہ ہمیں اچھی ٹیموں کے خلاف کھیلنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ یہ میچز ہمارے لیے واقعی اہم ہوں گے کیونکہ ہم اس سال کے آخر میں ہونے والے اہم ایشین گیمز کی تیاری کر رہے ہیں۔" گھر پر اپنے حالیہ پرو لیگ میچوں میں ہندوستان نے عالمی چمپئن جرمنی اور آسٹریلیا کے خلاف ناقابل شکست رہ کر ٹیبل میں سرفہرست مقام حاصل کیا تھا۔ ان میچوں کے بعد نومنتخب ہیڈ کوچ کریگ فلٹن نے بھی ہندوستانی ٹیم کو جوائن کرلیا اور یہ ان کی قیادت میں ہندوستان کا پہلا دورہ ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: Savita Punia New Record سویتا پونیا نے بھارت کے لیے 250واں میچ کھیلا
ٹیم کی تیاریوں کے بارے میں ہرمن پریت نے کہا، "بنگلور میں سائی (اسپورٹس اتھارٹی آف انڈیا) کے مرکز میں قومی کوچنگ کیمپ میں ہمارے تربیتی سیشن اچھے اور شدید تھے۔ تیاری حقیقت میں اچھی رہی ہے اور راورکیلا میں ہمارے پچھلے میچوں نے ہمارا اعتماد بڑھایا ہے، اس لیے ہم آئندہ میچوں میں اس کارکردگی کو دہرانے کی کوشش کریں گے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ہم قدم بہ قدم آگے بڑھیں گے، اچھی ہاکی کھیلنے کی کوشش کریں گے۔ سب سے اہم بات یہ ہے کہ ہم اپنی رفتار کو برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے کیونکہ یہ ایک طویل دورہ ہے اور آگے ایک مصروف سیزن ہے۔ بھارتی مردوں کی ہاکی ٹیم 26 مئی کو 07:10 ہندستانی وقت کے مطابق بیلجیم کے خلاف اپنی ایف آئی ایچ پرو لیگ 2022/23 مہم دوبارہ شروع کرے گی۔
یو این آئی