نئی دہلی: معروف باکسر اور کانگریس لیڈر وجیندر سنگھ نے قومی راجدھانی کے جنتر منتر پر مظاہرہ کر رہی خواتین پہلوانوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمغہ جیتنے والے کھلاڑیوں کے ساتھ ناانصافی ہو رہی ہے اور انہیں انصاف ملنا چاہیے۔ سنگھ نے جمعرات کو یہاں کانگریس ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس سے میں کہا کہ دہلی پولیس نے کل رات 2.30 سے 3 بجے کے درمیان ، جب بارش ہورہی تھی تو جنتر منتر پردھرنا دے رہے کھلاڑیوں پر حملہ بولا اورلاٹھی چارج کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس نے ایسا کیوں کیا، فی الحال کہنا مشکل ہے، تاہم اس پورے واقعے کی تحقیقات ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ وہ خواتین ریسلرز کے ساتھ ہمیشہ کھڑے رہیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: Wrestlers Protest پہلوانوں نے میڈل واپس کرنے کی وارننگ دی
کانگریس سکریٹری امرتا دھون نے کہا کہ پولس نے حدود کوتوڑنے کا کام کیا ہے۔ پولیس نے خواتین کھلاڑیوں کے ساتھ غیر مہذب اور غیر انسانی سلوک کیا۔ عالمی چیمپئن خواتین کھلاڑیوں کے ساتھ ناروا سلوک افسوسناک ہے۔ واضح رہے کہ گیتا پھوگاٹ کو بدھ کے روز دہلی پولیس نے سنگھو باڈر سے حراست میں لے لیا، اس کے بعد انہیں بوانہ تھانے لے جایا گیا۔ گیتا پھوگاٹ اپنے شوہر کے ساتھ ہریانہ سے دہلی آرہی تھیں اسی درمیان دہلی پولیس نے انہیں حراست میں لے لیا۔ واضح رہے کہ دہلی کے جنتر منتر پر ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا (ڈبلیو ایف آئی) کے سربراہ کے خلاف پہلوان احتجاج کر رہے ہیں۔ ڈبلیو ایف آئی کے سربراہ برج بھوشن شرن سنگھ کے خلاف جنسی ہراسانی کے الزامات کی جانچ کرنے والے انسپیکشن پینل کے نتائج کو منظر عام پر لانے کا مطالبہ کرتے ہوئے ملک کے سرکردہ پہلوان دھرنے پر بیٹھے ہیں۔
یو این آئی