احمد آباد: نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز 1-1 سے برابر ہونے کے بعد بدھ کو ہونے والے تیسرے اور فیصلہ کن ٹی 20 میچ کے لیے ہندوستان ان کھلاڑیوں کو الیون میں شامل کر سکتا ہے، جنہیں ابھی تک سیریز میں موقع نہیں ملا ہے۔
ہندوستان نے اکانا اسٹیڈیم کی مشکل پچ پر نیوزی لینڈ کے خلاف پانچ وکٹوں سے جیت درج کی، لیکن اس دوران بیٹنگ سے متعلق کئی خامیاں سامنے آئیں۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے دیے گئے 99 رنز کے چھوٹے ہدف کا تعاقب کرنے کے لیے ہندوستان جب اترا تو اوپنر شبھمن گل صرف 11 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ کافی دیر تک جدوجہد کرنے کے بعد ایشان کشن بھی 32 گیندوں پر 19 رنز بنانے کے بعد پویلین کا رخ کیا۔
دونوں سلامی بلے باز زیادہ تر اپنے ٹی 20 کیریئر میں فارمیٹ کے تقاضوں کو پورا کرنے میں معذورنظر آئے ہیں۔ گل نے پانچ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں 15.2 کی اوسط اور 128.81 اسٹرائیک ریٹ سے 76 رنز بنائے ہیں، جبکہ کشن نے 26 میچوں میں 26.08 کی اوسط اور 123.25 کے اسٹرائیک ریٹ سے652 رنز بنائے ہیں۔
ہندوستان دورہ نیوزی لینڈ کے اختتام سے قبل ایک بار دھماکہ خیز اوپنر پرتھوی شا کو موقع دے سکتا ہے۔ ڈومیسٹک کرکٹ اور انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں اپنے کارناموں کے باوجود، شا کو کبھی بھی ٹی 20 انٹرنیشنل میں اپنے جوہر دکھانے کا موقع نہیں ملا۔ انہوں نے اپنے کیریئر میں واحد ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلا، وہاں بھی ان کی بیٹنگ نہیں آئی۔
جہاں پرتھوی شا شبھمن گل کی جگہ اننگ کا آغاز کر سکتے ہیں، وہیں وکٹ کیپر ایشان کے دستانے جیتیش سنگھ کے حوالے کیے جا سکتے ہیں۔ گھریلو ٹی20 میں 147.93 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ رن بنانے والے جیتیش فنشر کے کردار کے لیے ایک اچھا آپشن ہو سکتے ہیں۔ یواین آئی