متعدد قومی و بین الاقوامی مقابلوں مین تمغے جیت کر ملک کا نام روشن کرنے والے ریاست اتر پردیش کے شہر میرٹھ سے تعلق رکھنے والے سچن چودھری نے ضلع اسپورٹس افسر کو اپنے تمام تمغے واپس کرنے نیز سرکاری ملازمت اور اسپورٹس پالیسیز کو بہتر بنانے کے لیے مسلسل دوسرے دن بھی بھوک ہڑتال پر ہیں۔
ای ٹی وی بھارت سے گفتگو کرتے ہوئے سچن چودھری نے بتایا کہ وہ گزشتہ 35 گھنٹوں سے مسلسل بھوک ہڑتال پر ہیں لیکن ضلع انتظامیہ کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگی اور نا ہی اب تک کوئی طبی جانچ کے لیے آیا۔
انہوں نے کہا کہ مقامی انٹیلیجنس فون کے ذریعے میری طبیعت کے بارے میں دریافت کر رہی ہے لیکن ابھی تک کوئی کوئی بھی طبی عملہ نہیں ہے۔
سچن چودھری نے کہا کہ ایسا محسوس ہو رہا ہے کہ جب میری موت ہوجائے گی تب ہی شاید انتظامیہ حرکت میں آئے گی۔
سچن نے مزید کہا کہ رات میں پولیس کی ایک ٹیم آئی تھی اور پوچھ تاچھ کر کے چلی گئی لیکن مجھے ڈر لگ رہا ہے کہ پولیس انتظامیہ زور و زبردستی کرکے میری بھوک ہڑتال میں خلل ڈال سکتی ہے۔
واضح رہے کہ سچن چودھری نے گزشتہ روز ضلع انتظامیہ کے خالف محاذ کھولا ہے اور ان کا مطالبہ ہے کہ انہیں سرکاری ملازمت، اعزازی رقم نیز ریاست میں اسپورٹس پالیسیز کو مزید پختہ کیا جائے۔
اسی دوران کسان یونین نے بھی سچن چودھری کی بھوک ہڑتال کی حمایت کی ہے اور کسان یونین نے انتباہ دیا ہے کہ سچن کے حقوق کے لیے ہم مسلسل لڑیں گے اور اگر ضرورت پڑی تو ہائی ویز اور روڈ جام کرکے سچن کو انصاف دلائیں گے۔
کسان یونین کی جانب سے کہا گیا کہ کھلاڑیوں کا بھوک ہڑتال کرنا ان کی صحت کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے ایسے میں حکومت کو جلد از جلد ان کے مطالبات پر غور کر کے مسئلے کا حل نکالنا چاہیے۔
سچن چودھری کے ساتھ ہڑتال پر بیٹھی قومی سطح کی کھلاڑی فاطمہ کا اگلا مقابلہ عنقریب ہونے والا ہے اور یہ وقت پریکٹس کرنے کا ہے لیکن وہ اس وقت سچن کے ساتھ بھوک ہڑتال پر بیٹھی ہوئی ہیں۔
فاطمہ نے ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جب ایک اولمپک تمغہ فاتح انصاف سے محروم ہے تو دیگر چھوٹے کھلاڑیوں کا عالم کیا ہوگا۔
واضح رہے کہ میرٹھ کے کنگ کھیڑا اوم نگر کے رہنے والے پیرا پاورلفٹنگ کھلاڑی سچن چودھری 16برس کی عمر سے ہی کھیلوں کی دنیا میں سرگرم ہے اور گزشتہ 18 برسوں میں وہ 10 قومی اور11 بین الاقوامی مقابلوں میں تمغے حاصل کر چکے ہیں. سچن اولمپک تمغہ فاتح کھلاڑی ہیں جبکہ انہوں نے دولت مشترکہ کھیل اور ایشین چیمپئن شپ میں بھی متعدد تمغے حاصل کیے ہیں.