بھونیشور: فرانس نے پیر کے روز ایف آئی ایچ مردوں کے ہاکی ورلڈ کپ 2023 کے پول اے کے ایک سنسنی خیز مقابلے میں جنوبی افریقہ کو 2-1 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل کی اپنی امیدوں کو زندہ رکھا۔ کلنگا اسٹیڈیم میں وکٹر شارلٹ نے فرانس کی جانب سے پہلا گول ساتویں منٹ میں کیا، جب کہ جنوبی افریقہ کی جانب سے کونر بیوچیمپ نے 15ویں منٹ میں گول کرکے اسکور 1-1 سے برابر کردیا۔ دوسرے اور تیسرے کوارٹر میں دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ ہوا، لیکن آخر کار وکٹر نے 56ویں منٹ میں اپنا اور اپنی ٹیم کا دوسرا گول کر کے فرانس کی فتح پر مہر ثبت کر دی۔ فرانس پول اے میں دو میچوں میں ایک جیت اور ایک ہار کے ساتھ تیسرے نمبر پر پہنچ گیا ہے، جب کہ جنوبی افریقہ اپنے دونوں میچ ہارنے کے بعد چوتھے نمبر پر چلا گیا۔
فرانس جو اپنے پچھلے مقابلے میں آسٹریلیا سے 0-8 سے ہار گیا تھا، اسے کوارٹر فائنل کی دوڑ میں رہنے کے لیے جیت کی اشد ضرورت تھی۔ انہوں نے چھٹے منٹ میں دو پنالٹی کارنر کھوئے لیکن وکٹر نے ساتویں منٹ میں پنالٹی پر گول کرکے فرانس کو 1-0 کی برتری دلا دی۔ فرانس کی مشکلات میں اس وقت اضافہ ہوا جب جنوبی افریقہ نے پہلے کوارٹر کے اختتام سے عین قبل ریفرل پر پنالٹی کارنر حاصل کیا اور کونر نے گول کر دیا۔
فرانس کو دوسرے اور تیسرے کوارٹر میں چار پنالٹی کارنر ملے، جب کہ جنوبی افریقہ نے ایک حاصل کیا۔ تاہم دونوں ٹیمیں گول نہ کر سکیں۔ سنسنی خیز مقابلے کا اہم موڑ میچ کے اختتام سے چار منٹ قبل آیا، جب فرانس نے جنوبی افریقی ہاف میں داخل ہوکر پنالٹی کارنر حاصل کیا۔ وکٹر نے موقع کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے گیند کو جال میں پہنچا کر فرانس کو آخری منٹوں میں برتری دلادی۔ اس کے بعد جنوبی افریقہ نے گول کیپر کی جگہ ایک اضافی کھلاڑی کو فارورڈ لائن میں شامل کیا، تاہم وہ اس کوشش کو نتیجہ میں تبدیل نہ کر سکا اور فرانس نے میچ 2-1 سے جیت لیا۔
مزید پڑھیں:
یو این آئی