بھارتی مرد ہاکی ٹیم کے دفاعی کھلاڑی ورون کمار نے کہا ہے کہ 'وہ بھارتی ٹیم میں واپسی کو لے کر فکر مند ہیں اور اگلے برس ہونے والے ٹوکیو اولمپک کے لئے بھارتی ٹیم میں جگہ بنانا چاہتے ہیں۔
ورون نے کہا کہ 'چوٹ پر قابو پانے کے بعد میں نے جنوری میں کیمپ میں حصہ لیا۔ میں ایک بار پھر ایف آئی ایچ ہاکی پرو لیگ کے دوران بھارت کی جرسی پہننے کے لئے بے قرار تھا اور آسٹریلیا کے خلاف 22 رکنی ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب رہا تھا۔ لیکن کورونا کی وجہ سے کھیل سرگرمیاں ٹھپ ہوگئیں۔'
ورون اولمپکس کوالیفائر سے ٹھیک پہلے زخمی ہو گئے تھے اور اس میں حصہ نہیں لے سکے تھے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے اولمپکس کوالیفائر سے پہلے بھونیشور میں قومی کیمپ میں حصہ لیا تھا اور ہم روس کے خلاف میچ کے لئے تیاری کر رہے تھے۔ سب کچھ درست چل رہا تھا لیکن میچ کے 10 دن پہلے مجھے دائیں ہاتھ میں کچھ دقت ہوئی اور میں نے ٹیم کے فیزیو ڈیوڈ میك ڈونالڈ سے اس بارے میں بات کی۔ انہوں نے مجھے کچھ دن انتظار کرنے کو کہا لیکن بدقسمتی سے مجھے ٹیم سے باہر ہونا پڑا۔'
سنہ 2016 میں جونیئر ورلڈ کپ جیتنے والی بھارتی ٹیم کے رکن ورون نے کہا کہ 'یہ واقعی میرے لئے مشکل وقت تھا کیونکہ پورے سال ہم نے اولمپکس میں کوالیفائی کرنے کے بارے میں سوچا تھا اور جب یہ وقت آیا تو میں زخمی ہونے کی وجہ سے اس میں حصہ نہیں لے سکا۔ لیکن مجھے فخر ہے کہ ٹیم میں کئی بہترین کھلاڑی ہیں اور اس سے ٹیم کی کارکردگی پر کوئی فرق نہیں پڑا۔ ہماری ٹیم نے اولمپک کے لئے کوالیفائی کر لیا ہے۔'