وادی میں فٹبال کو فروغ دینے کی غرض سے اب انفرادی سطح کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ اننت ناگ میں پہلی بار رات کے اوقات میں فلڈ لائٹس کے نیچے ناک آؤٹ فٹبال ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ وادی میں فٹبال کے رجحان کو عام کرنے کے غرض سے اننت ناگ میں ڈسٹرکٹ فٹبال ایسوسی ایشن کی جانب سے پہلے ناک آوٹ فٹبال ٹورنامنٹ کا اہتمام کیا گیا۔
فلڈ لائٹس کے نیچے رات کے اوقات میں اس میچ کو دیکھنے کے لیے ہزاروں لوگوں کی بھیڑ امڈ پڑی اور فائنل میچ میں نشیمن فٹبال کلب اننت ناگ نے سرینگر کے کشمیر ایونجرس کو دلچسپ مقابلے میں شکست دے دی۔
اس ٹورنامنٹ میں کشمیر کی 34 ٹیموں نے حصہ لیا جب کہ افریقہ کے کئی بین الاقوامی کھلاڑی بھی اس ٹورنامنٹ کا حصہ بنے۔ ان کھلاڑیوں نے کشمیری نوجوانوں کے ٹیلنٹ کی سراہنا کی۔
واضح رہے کہ عرصۂ دراز سے کشمیر میں کرکٹ کو مقبول ترین کھیل تصور کیا جاتا ہے۔ تاہم اب نوجوانوں کا فٹبال و دیگر کھیلوں کی جانب رغبت سے یہاں پر دیگر کھیلوں کا چلن بھی عام ہوتا جارہا ہے۔
ایسے میں نوجوانوں کو منشیات و دیگر بری عادتوں سے دور رکھنے کے لیے حکومت و دیگر متعلقین کا تعاون بےحد ضروری ہے۔