مغربی بنگال کے ندیا ضلع کے کلیانی میونسپل اسٹیڈیم میں جمشیدپور ایف سی اور دہلی کے کلب سدیوا ایف سی کی ٹیمیں نبرد آزما ہوئیں۔
جمشیدپور ایف سی اور سدیوا ایف سی کی ٹیمیں گروپ بی کے میچ میں جیت درج کرکے ٹورنامنٹ میں فاتحانہ آغاز کے لئے پرعزم ارادے سے میدان میں اتریں۔
دونوں ٹیموں نے میچ کی شروعات میں جارحانہ انداز میں کھیل کا مظاہرہ کیا۔ دونوں جانب سے ایک دوسرے پر پے در پے حملے کئے گئے۔ کھیل کے 34 ویں منٹ پر لال روتھ واما نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے گول کرکے اپنی ٹیم جمشیدپور ایف سی کو ایک صفر کی سبقت دلانے میں اہم رول ادا کیا.
پہلے ہاف کے اختتام تک سدیوا ایف سی کے کھلاڑی اسکور برابر کرنے کی بھرپور کوشش کی لیکن حریف ٹیم کے سامنے ان کی ایک نہ چلی۔
دوسرے ہاف میں بھی دونوں ٹیموں کے درمیان دلچسپ مقابلے کا سلسلہ جاری رہا۔ اس نصف میں سدیوا ایف سی کے کھلاڑیوں نے قدر بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا مگر جمشیدپور ایف سی کی مضبوط دفاعی دیوار میں شگاف ڈالنے میں ناکام رہی۔
کھیل کے مقررہ وقت تک دونوں ٹیموں کے درمیان دلچسپ مقابلہ جاری رہا۔ جمشیدپور ایف سی نے ایک صفر کی سبقت برقرار رکھتے ہوئے میچ جیت کر ڈورنڈ کپ 2021 میں اپنی مہم کا فاتحانہ آغاز کیا۔