انٹونائن گریزمین کے دوسرے ہاف میں گول کرکے فرانس کو یوروپین فٹ بال چیمپیئن شپ یعنی یورو 2020 میں ایک بڑے الٹ پھیر ہونے سے بچا لیا لیکن فرانس کو ہنگری کے ساتھ میچ میں 1-1 پر ڈرا ہونے سے پوائنٹس شیئر کرنے پر مجبور ہونا پڑا۔
67،215 شائقین کی گنجائش والا پوڈکاس اسٹیڈیم جو کہ بوڈاپسٹ میں واقع ہے ، یورو 2020 کا واحد اسٹیڈیم ہے جہاں مکمل شائقین کی شرکت کی اجازت ہے۔ اس طرح اسٹیڈیم میں ہنگری کو بے پناہ پذیرائی مل رہی تھی۔
ہنگری نے پہلے ہاف کے انجری ٹائم میں اٹیلا فیولا کے گول سے برتری حاصل کرلی تھی لیکن 66 ویں منٹ میں گریزمین نے برابری کا گول کرکے تماشائیوں کو مایوس کردیا۔
مزید پڑھیں: رونالڈو کی وجہ سے کوکا کولا کو اربوں ڈالرز کا نقصان
رولینڈ سلالی نے بائیں بازو کی طرف سے فیئلا کو گیند دی جنھوں نے پنالٹی ایریا میں رافیل ورانے کو پچھاڑ کر گول کردیا۔
ورلڈ چیمپیئن فرانس کے کائلن ایمباپے اور کریم بینزیما نے گول کرنے کے کچھ مواقع بھی گنوا دیئے تھے۔
ہنگری کا اپنے مضبوط حریف کے خلاف ڈرا پر میچ کو ختم کرنا کسی جیت سے کم نہیں ہے اور اس لیے فائنل سیٹی بجنے پر اس کے کھلاڑی بہت پرجوش ہوگئے جبکہ فرانسیسی کھلاڑی مایوس ہوگئے۔