بھارت میں آئندہ برس فیفا انڈر 17 خواتین عالمی کپ کے آفیشل لوگو کی گیٹ وے آف انڈیا پرنقاب کشائی کی گئی۔
اس موقع پر مرکزی وزیر کھیل کیرن رجیجو ، فیفا چیف ویمن فٹ بال آفیسر سیرائی بوریمن، ایل او سی کے صدر پرفل پٹیل اور دو مرتبہ ورلڈ کپ کی فاتح کرسٹین للی بھی گیٹ وے آف انڈیا میں موجود تھیں۔
دو مرتبہ ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کی امریکی فارورڈ کرسٹین للی نے بھارتیوں سے اپیل کی کہ وہ انڈر 17 فیفا ویمنز ورلڈ کپ فٹ بال میں ہوم ٹیم کو سپورٹ کرنے کے لیے بڑی تعداد میں اسٹیڈیم پہنچیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ آپ نے دو برس پہلے مینز انڈر 17 ورلڈ کپ میں بہت زیادہ کامیابی حاصل کی تھی اور اب یہاں خواتین ورلڈ کپ منعقد ہورہا ہے۔ آپ اسٹیڈیم میں داخل ہوں اور ان خواتین کو دکھائیں کہ آپ ان کی حمایت کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھارت نے 2017 میں فیفا انڈر 17 مینز ورلڈ کپ کی کامیابی کے ساتھ میزبانی کی تھی اور اس ورلڈ کپ کو انگلینڈ نے اپنے نام کیا تھا۔ انڈر 17 خواتین ورلڈ کپ 2 سے 21 نومبر تک ملک کے مختلف حصوں میں کھیلا جائے گا۔
میزبان ملک کی حیثیت سے بھارت کو ٹورنامنٹ میں براہ راست داخلہ ملے گا۔