گزشتہ رات انگلینڈ کے ومبلے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے یوروپین چمپیئن شپ یعنی یورو کپ 2020 کے سیمی فائنل میچ میں اٹلی پنالٹی شوٹ آؤٹ میں اسپین کو 2-4 سے شکست دے کر فائنل میں داخل ہوگیا۔
پہلے سیمی فائنل میں دونوں ٹیموں کے درمیان دلچسپ مقابلہ دیکھنے کو ملا لیکن پہلے ہاف میں کوئی ٹیم گول نہ کرسکی۔
دوسرے ہاف کے پندرہویں منٹ میں اٹلی کی جانب سے بیرارڈی نے گول کرکے اپنی ٹیم کو ایک گول کی سبقت دلادی لیکن کھیل ختم ہونے سے دس منٹ قبل اسپین کے موراٹا نے بھی حریف ٹیم کے جال میں گیند پہنچاکر مقابلہ ایک ایک سے برابر کردیا۔
مقررہ وقت میں اور پھر اضافی وقت میں مقابلہ برابر ہی رہا، جس کی وجہ سے میچ کو فیصلہ کن بنانے کے لیے پنالٹی شوٹ آوٹ کا سہارا لیا گیا، جس میں اٹلی نے چار اور اسپین نے دو گول اسکور کیے، اس طرح سے اٹلی کی ٹیم یورو 2020 ایونٹ کے فائنل میں پہنچ گئی۔
یورو کپ 2020 کا دوسرا سیمی فائنل آج رات میں انگلینڈ اور ڈنمارک کے درمیان کھیلا جائے گا جب کہ فائنل اتوار کو ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: رونالڈو کی وجہ سے کوکا کولا کو اربوں ڈالرز کا نقصان
اس سے قبل اٹلی نے کوارٹر فائنل میچ میں بیلجیئم کو 1-2 سے شکست دے کر یورو 2020 کے سیمی فائنل میں جگہ بنائی تھی۔
اس میچ میں اٹلی کے نیکولو بریلا نے 31 ویں منٹ میں گول کرکے ٹیم کو ابتدائی برتری دلائی۔ اس کے بعد لورینزو انسگنی نے 44 ویں منٹ میں گول کرکے برتری 0-2 کردی۔ روملو لوکاکو نے بیلجیم کی طرف سے واحد گول کیا۔