ممبئی: آسٹریلیائی خواتین ٹیم کی کپتان ایلیسا ہیلی اور مونی کی اوپننگ جوڑی نے 148 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کو اچھا آغاز فراہم کیا اور پہلی وکٹ کے لیے 85 رن اسکور کیے۔ دیپتی نے دسویں اوور میں ایلیسا ہیلی کو ایل بی ڈبلیو کیا۔ ہیلی نے 38 گیندوں میں نو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 55 رنز بنائے۔ ٹالیا میک گرا 20 رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئیں۔
وستراکر نے انہیں دیپتی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا۔ اس کے بعد وستراکر نے ایلیس پیری کو صفر پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر کے آسٹریلیا کو تیسرا جھٹکا دیا۔ بیتھ مونی نے 45 گیندوں میں پانچ چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 52 رنز بنائے۔ فوبی لیچ فیلڈ 17 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں۔ آسٹریلیا نے 18.4 اوورز میں تین وکٹ پر 149 رنز بنا کر میچ جیت لیا۔ اس کے ساتھ ہی آسٹریلیا نے تین میچوں کی سیریز 2-1 سے جیت لی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:وراٹ اور روہت کی موجودگی حریف ٹیموں پر دباو بنانے کے لئے کافی
ہندوستان کی جانب سے وستراکر نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ دیپتی نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔اس سے قبل منگل کے روز سیریز کے تیسرے اور آخری ٹی-20 میچ میں ہندوستانی خواتین ٹیم نے آسٹریلیا کو جیت کے لیے 148 رنز کا ہدف دیا تھا جس میں ریچا گھوش 34 رنز، اسمرتی مندھانا 29 رنز اور شیفالی ورما 26 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں۔