بھارت اور انگلینڈ کے درمیان 5 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا تیسرا میچ ہیڈنگلے کے لیڈز میں کھیلا جا رہا ہے۔ ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرتے ہوئے ٹیم انڈیا پہلی اننگز میں 78 رن پر سمٹ گئی ۔ یہ 89 سالوں میں ٹیسٹ میں بھارت کا 9واں کم ترین اسکور ہے۔
کپتان وراٹ کوہلی صرف 17 گیندوں پر 7 رنز بنا سکے۔ انہوں نے آخری 4 اننگز میں 17.25 کی اوسط سے صرف 69 رنز بنائے ہیں۔ کوہلی کی ناکامی ٹیم مینجمنٹ کے لیے تشویش کا باعث ہے۔ ایسے میں سابق بین الاقوامی کرکٹر اور کمنٹیٹر سنیل گواسکر نے ہندوستان کے کپتان کو ماسٹر بلاسٹر سچن تیندولکر سے مدد لینے کا مشورہ دیا ہے۔
گواسکر نے کمنٹری کے دوران کوہلی کے آؤٹ ہونے کے بعد کہا کہ کوہلی کو فوراً سچن سے فون کرکے پوچھنا چاہئے کہ انہیں کیا کرنا چاہئے ؟ کوہلی کو وہی کرنا چاہئے جو سڈنی ٹیسٹ میں کیا تھا۔ خود سے کہنا ہوگا کہ میں کور ڈرائیو نہیں کھیلوں گا۔
Ind vs Eng 3rd Test: جو روٹ نے جاوید میانداد کا ریکارڈ توڑا
وراٹ کوہلی سیریز میں دوسری مرتبہ اینڈرسن کا شکار بنے ہیں۔ کوہلی نے اینڈرسن کی گیند پر اسٹریٹ ڈرائیو لگانے کی کوشش کی لیکن گیند باہر کی طرف نکل گئی اور وکٹ کیپر جوس بٹلر نے انہیں پویلین بھیجنے میں کوئی غلطی نہیں کی۔
ٹیم انڈیا غیر ملکی سرزمین پر اپنی پہلی اننگز میں دوسرے سب سے کم اسکور پرسمٹی ہے۔ ریکارڈ 58 رنز کا ہے۔ انڈیا کی پہلی اننگز 1947 میں آسٹریلیا کے خلاف برسبین ٹیسٹ میں 58 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی۔ 1952 میں انگلینڈ کے خلاف مانچسٹر ٹیسٹ میں ، ہندوستانی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 58 رنز پر سمٹ گئی تھی۔
(یو این آئی)