ہوبارٹ: آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2022 میں پیر کو جنوبی افریقہ اور زمبابوے کے درمیان کھیلا گیا سپر-12 میچ بارش کی نذر ہو گیا۔ میچ منسوخ ہونے کی وجہ سے گروپ 1 کی دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دیا گیا۔ بارش سے متاثرہ میچ میں تاخیر سے شروع ہونے کی وجہ سے اننگز میں نو اوورز کرائے جانے تھے۔ زمبابوے نے اپنے نو اووروں میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 79 رن بنائے۔ جنوبی افریقہ نے میچ کے بارش کی نذر ہو نے سے پہلے تین اووروں میں 51 رن جوڑے۔ South Africa vs Zimbabwe
زمبابوے نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن اس کے ٹاپ چار بلے باز 19 رن پر پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد مادھےویرے نے ملٹن شمبا کے ساتھ پانچویں وکٹ کے لیے 60 رنوں کی شراکت داری کرکے زمبابوے کو نو اووروں میں 79 رن تک پہنچا دیا۔ مادھے ویرے نے 18 گیندوں میں چار چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 34 رن بنائے جبکہ شمبا نے 20 گیندوں میں 18 رن کا تعاون دیا۔
یہ بھی پڑھیں: T20 World Cup 2022 بنگلہ دیش نے نیدرلینڈز کو نو رنوں سے شکست دی
جنوبی افریقہ کی جانب سے لونگی انگیڑی نے دو جبکہ وین پارنیل اور اونرک نورکھیا نے ایک ایک وکٹ حاصل کیا۔ جنوبی افریقہ کو جلد از جلد ہدف تک پہنچانے کے لئے کوئنٹن ڈی کاک نے تابڑ توڑ بلے بازی کرتے ہوئے پہلے اوور میں 23 رن جوڑے، حالانکہ بارش نے ایک بار پھر دستک دی اور پروٹیاز کی اننگز کو سات اوور تک محدود کر دیا گیا۔ بارش رکنے کے بعد جنوبی افریقہ نے اگلے دو اووروں میں 28 رنوں کا اضافہ کیا لیکن دوبارہ بارش ہونے کی وجہ سے میچ منسوخ کرنا پڑا۔
یو این آئی