پورٹ آف اسپین: ویسٹ انڈیز نے بھارت کے خلاف جمعرات سے شروع ہونے والی پانچ میچوں کی ٹی 20 سیریز کے لیے اپنے 15 رکنی اسکواڈ میں شائی ہوپ، شمرون ہیٹمائر اور اوشین تھامس کو شامل کیا ہے۔ چیف سلیکٹر ڈیسمنڈ ہینس نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ یانک کاریا اور شیلڈن کوٹریل کو اسکواڈ میں شامل کرنے پر غور کیا گیا، لیکن ٹیم انتظامیہ تھامس کی ’تیز رفتاری‘ اور روسٹن چیز و عقیل حسین کی شکل میں دو اسپنروں سے مطمئن تھی۔ تھامس اور ہوپ کی شمولیت پر، ہینس نے کہا: "ہم تھوڑے سے ایکس-فیکٹر والے کھلاڑی چاہتے ہیں۔ تھامس ایک ایسا کھلاڑی ہے جو اپنی رفتار سے میچ میں فرق پیدا کر سکتا ہے۔ مجھے ایسا لگا جیسے وہ بہت پرجوش ہے اور واقعی میں مکمل طور پر فٹ ہو کرواپس آنا چاہتا ہے اورپھر سے تیز گیندبازی کرنا چاہتا ہے۔ میں ذاتی طور پر سمجھتا ہوں کہ ہمیں کیریبین خطے میں کچھ تیز گیند بازوں کو تلاش کرنے کی ضرورت ہے اور مجھے لگتا ہے کہ اوشین کے ساتھ شروعات کی جاسکتی ہے۔
انہوں نے کہا، "ظاہر ہے، شائی بہت اچھی بیٹنگ کر رہے ہیں اور ان کا لیول کافی اچھا ہے کہ وہ تینوں فارمیٹس میں ویسٹ انڈیز کے لیے کھیل سکتے ہیں۔ یہ ٹیم اگلے سال ہونے والے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کو مدنظر رکھتے ہوئے منتخب کی گئی ہے۔ ہم مختلف منصوبوں کی جانب دیکھ رہے ہیں اور صحیح امتزاج تلاش کر رہے ہیں۔" ہینس نے کہا کہ 17 اگست سے شروع ہونے والی کیریبین پریمیئر لیگ (سی پی ایل) میں ان کی کارکردگی کی بنیاد پر کچھ دوسرے کھلاڑیوں پر بھی غور کیا جا سکتا ہے۔ دریں اثنا، ہیٹ مائر، جو طویل وقفے کے بعد ٹیم میں واپسی کررہے ہیں، نے آخری بار گزشتہ سال اگست میں ویسٹ انڈیز کے لیے ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلا تھا اور جون میں ون ڈے ورلڈ کپ کوالیفائرز کے لیے بھی انہیں منتخب نہیں کیا گیا تھا۔ اس سے قبل انہیں فارم اور فٹنس مسائل کی وجہ سے محدود اوورز کی ٹیم سے باہر رکھا گیا تھا۔
ہیٹمائر نے حال ہی میں امریکہ میں میجر لیگ کرکٹ (ایم ایل سی) میں رنر اپ سیئٹل اورکاس کے لیے دو ٹی20 مقابلے کھیلے۔ انہوں نے اس سال انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں راجستھان رائلز کے لیے 151.77 کے اسٹرائیک ریٹ اور 37.37 کی اوسط سے 299 رنز بنائے تھے۔ ہوپ بھی فروری 2022 میں ہندوستان کے خلاف ٹی 20 انٹرنیشنل کھیلنے کے 17 ماہ بعد کھیل کے مختصر ترین فارمیٹ میں واپسی کر رہے ہیں۔ ہندوستان کے خلاف یہ پانچ ٹی ٹوئنٹی میچز کیریبین ریجن اور امریکہ میں کھیلے جائیں گے۔ 3 اگست کو تروبا میں سیریز شروع ہونے کے بعد، پروویڈنس 6 اور 8 اگست کو دو میچوں کی میزبانی کرے گا۔ اس کے بعد دونوں ٹیمیں 12 اور 13 اگست کو آخری دو میچوں کے لیے فلوریڈا کے لاڈر ہل جائیں گی۔
یہ بھی پڑھیں: India vs West Indies آخری ون ڈے میچ میں ویسٹ انڈیز کو شکست، بھارت نے سیریز جیتی
ٹی20 سیریز کے لیے ونڈیز اسکواڈ: روومین پاول (کپتان)، کائل میئرز (نائب کپتان)، جانسن چارلس، روسٹن چیس، شمرون ہیٹمائر، جیسن ہولڈر، شائی ہوپ، عقیل حسین، الزاری جوزف، برینڈن کنگ، اوبید میک کوئے، نکولس پوران، روماریو شیفرڈ، اوڈین اسمتھ، اوشین تھامس۔
یو این آئی