فارم میں چل رہے وکٹ کیپر بلےباز دنیش کارتک (ناٹ آؤٹ 66) اور آل راؤنڈر گلین میکسویل (55) کی شاندار نصف سنچریوں اور تیز گیند باز جوش ہیزل ووڈ (28 رنز دے کر 3 وکٹ) اور محمد سراج (31 رنز دے کر 2 وکٹ) کی بہترین گیندبازی کی بدولت رائل چیلنجرز بنگلور نے ہفتہ کو آئی پی ایل 2022 کے میچ میں دہلی کیپٹلز کو 16 رنز سے شکست دے دی۔ بنگلورو نے 20 اووروں میں پانچ وکٹ پر 189 کا چیلنجنگ اسکور بنایا اور دہلی کو سات وکٹ پر 173 تک محدود کردیا۔ اس طرح بنگلورو نے چھ میچوں میں چوتھی جیت حاصل کی جبکہ دہلی کو پانچ میچوں میں تیسری شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ بنگلورو اب آٹھ پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل میں تیسرے نمبر پر آگیا ہے۔ Royal Challengers Bangalore beat Delhi Capitals by 16 runs
اس سے قبل کارتک نے 34 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 66 رنز میں پانچ چوکے اور پانچ چھکے لگائے جبکہ میکسویل نے 34 گیندوں پر 55 رنز میں سات چوکے اور دو چھکے لگائے۔ شہباز احمد نے 21 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 32 رنز میں تین چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ 92 کے اسکور پر میکسویل کی وکٹ گرنے کے بعد کارتک اور شہباز نے چھٹی وکٹ کی ناٹ آؤٹ شراکت میں 97 رنز جوڑے۔ دہلی کی جانب سے شاردول ٹھاکر، خلیل احمد، اکشر پٹیل اور کلدیپ یادو نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ Royal Challengers Bangalore vs Delhi Capitals
یہ بھی پڑھیں: IPL 2022: ممبئی انڈینز کی ایک اور شکست، پلے آف کی امیدیں معدوم
پہلی اننگز میں ایسا لگ رہا تھا کہ آر سی بی کی ٹیم بھی قابل احترام اسکور تک نہیں پہنچ پائے گی اور پھر فنشر کارتک آئے اور وہ ٹیم کو بڑے اسکور تک لے گئے۔ اس کے بعد ان کی ٹیم گیند بازی کے لیے باہر آئی تو ان کے گیند بازوں نے دہلی کو کوئی موقع نہیں دیا۔ وارنر کی اننگز کو دیکھ کر ایک بار تو ایسا لگ رہا تھا کہ دہلی کی ٹیم ہدف تک پہنچ سکتی ہے لیکن ایسا نہیں ہوا اور ٹیم ہدف سے بہت دور رہ گئی۔ دنیش کارکتک کو پلیئر آف دی میچ کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔