بنگلورو: انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے 2022 سیزن میں رائل چیلنجرز بنگلور کے لیے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے نوجوان بلے باز رجت پاٹیدار ایڑی کی چوٹ کی وجہ سے اس سال کے ٹورنامنٹ سے باہر ہو سکتے ہیں۔ ای ایس پی این کرک انفو کی ایک رپورٹ کے مطابق، پاٹیدارایڑی کی چوٹ کے بعد فی الحال بنگلورو کی نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی اے) میں ریہیب سے گزر رہے ہیں اور انہیں اگلے تین ہفتوں تک آرام کا مشورہ دیا گیا ہے۔ پاٹیدار کا آئی پی ایل کے ابتدائی میچوں سے باہر ہونا یقینی ہے۔ اطلاعات کے مطابق ان کا 14 اپریل کو ایم آر آئی اسکین ہوگا جس کے بعد باقی ٹورنامنٹ میں ان کی شرکت کا فیصلہ این سی اے کرے گا۔
قابل ذکر ہے کہ آرسی بی نے وکٹ کیپر لونتھ سسودیا کے زخمی ہونے کے بعد پاٹیدار کو سیزن کے وسط میں ایک متبادل کھلاڑی کے طور پر بلایا تھا۔انہوں نے پورے سیزن میں متعدد قابل ستائش اننگز کھیلی اور ایلیمینیٹر میں آئی پی ایل کی تاریخ میں کسی ہندوستانی کی طرف سے تیز ترین سنچری بنائی۔پاٹیدار رائل چیلنجرز کے لیے ڈو پلیسس اور کوہلی کے بعد تیسرے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی تھے۔ انہوں نے سات اننگز میں 152.75 کے اسٹرائیک ریٹ سے 333 رنز بنائے۔ مدھیہ پردیش کے ساتھ رنجی ٹرافی کا خطاب جیتنے کے بعد، آئی پی ایل کی اچھی کارکردگی نے پاٹیدار کو ہندوستان کے ون ڈے اسکواڈ میں جگہ دی۔ پاٹیدار کے علاوہ جوش ہیزل ووڈ کی فٹنس بھی آر سی بی کے لیے پریشانی کا باعث بنی ہوئی ہے۔ آسٹریلوی فاسٹ باؤلر ایڑی کی چوٹ کے باعث دسمبر 2022 سے کرکٹ سے دور ہیں۔ جون میں ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل اور ایشز ٹیسٹ سیریز کو ذہن میں رکھتے ہوئے، کرکٹ آسٹریلیا ان کے ساتھ کوئی خطرہ مول نہیں لینا چاہے گا۔
یہ بھی پڑھیں: IPL 2023 پنجاب کنگز کے جونی بیریسٹو آئی پی ایل سے باہر
یواین آئی