احمد آباد: ورلڈ کپ 2023 کے فائنل میں شکاست کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی کی محمد شامی کے ساتھ ایک تصویر وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو منظر عام پر آئی ہے۔ جس میں وزیراعظم بھارتی ڈریسنگ روم کا دورہ کرکے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
ویڈیو میں وزیراعظم مودی سب سے پہلے ویراٹ کوہلی اور روہت شرما سے ملاقات کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ آفس میں کچھ برے دن ہوتے ہیں، آپ نے پورے ٹورنامنٹ میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا ہے اور فائنل سے پہلے 10 میچ جیتے ہیں۔ اس کے بعد پی ایم نے راہل ڈراوڈ کو دیکھا اور انھیں مصافحہ کے لیے بلایا۔ وزیر اعظم نے مختصر بات چیت میں ہیڈ کوچ کی محنت کی تعریف کی۔ اسکے بعد وزیراعظم نے رویندر جڈیجہ اور شبمن گل کی حوصلہ افزائی کی۔
مودی نے پھر شامی کی آئی سی سی ایونٹ میں شاندار کارکردگی کے لیے تعریف کی اور کہا کہ اس نے بہت اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا۔ اس کے بعد انہوں نے گجراتی زبان میں جسپریت بمرہ کے ساتھ گفتگو کی۔ شریاس آئیر، سوریہ کمار یادو، کلدیپ یادو اور کے ایل راہل نے پھر وزیر اعظم سے مصافحہ کیا۔ پی ایم نے کھلاڑیوں سے یہ بھی کہا کہ وہ اس مشکل وقت میں ایک دوسرے کی حوصلہ افزائی کریں اور پوری ٹیم کو ملاقات اور بات چیت کے لیے دہلی مدعو کیا۔
ورلڈ کپ فائنل میں شکست کے فورا بعد وزیر اعظم مودی نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ "پیاری ٹیم انڈیا، ورلڈ کپ میں آپ کا ٹیلنٹ اور عزم قابل ذکر تھا۔ آپ نے تمام میچ بڑے جذبے سے کھیلے اور ملک کا سر فخر سے بلند کیا۔ ہم آج اور ہمیشہ آپ کے ساتھ کھڑے ہیں۔‘‘
آسٹریلیا کو مبارکباد دیتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ آسٹریلیا کو ورلڈ کپ میں شاندار فتح پر مبارکباد! پورے ٹورنامنٹ میں ان کی کارکردگی قابل ستائش رہی جس کا اختتام شاندار فتح کے ساتھ ہوا۔ ٹریوس ہیڈ کو ان کی آج کی شاندار کارکردگی پر مبارکباد۔
بھارتی کرکٹر محمد شامی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پی ایم کے ساتھ تصویر شیئر کرکے ٹویٹ کیا کہ بدقسمتی سے کل ہمارا دن نہیں تھا۔ میں تمام ہندوستانیوں کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گا جنہوں نے پورے ٹورنامنٹ میں ٹیم اور میری حمایت کی۔ ڈریسنگ روم میں آنے اور ہماری حوصلہ افزائی کے لیے پی ایم نریندر مودی کا خاص طور پر مشکور ہوں۔"
یہ بھی پڑھیں:
- ڈریسنگ روم میں وزیراعظم نریندر مودی نے محمد شامی کو گلے لگایا
- وزیراعظم مودی اور کانگریس رہنماوں کی آسٹریلیا کو مبارک باد، ٹیم انڈیا کی بھی ستائش
رویندر جڈیجہ نے بھی مودی کے ساتھ تصویر شیئر کی اور کیپشن میں لکھا کہ ہمارا ٹورنامنٹ بہت اچھا تھا، لیکن کل ہم ہار گئے۔ ہم سب غمزدہ ہیں لیکن ہمارے عوام کا تعاون ہمیں آگے بڑھا رہا ہے۔ وزیر اعظم مودی کا کل ڈریسنگ روم کا دورہ خاص اور بہت متاثر کن تھا۔
واضح رہے کہ اتوار کو آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 کے فائنل میں آسٹریلیا نے بھارت کو چھ وکٹوں شکست دے کر چھٹی مرتبہ ٹرافی اپنے نام کیا ہے۔ اس شکست سے لاکھوں دل ٹوٹ گئے اور کھلاڑیوں کو بھی کھیل کے اختتام پر جذباتی ہوتے دیکھا گیا۔ بھارت اب آسٹریلیا کے خلاف 23 نومبر سے پانچ میچوں کی دو طرفہ ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلے گا۔