لاہور: آسٹریلیا کی سرزمین پر ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش کے بعد پاکستانی کرکٹ ٹیم اور پی سی بی میں اتھل پتھل کا ماحول ہے۔ آسٹریلیا میں ملی شرمناک شکست کے لئے ٹیم انتظامیہ اور بورڈ کی جانب سے ایک دوسرے پر الزام تراشی کا سلسلہ جاری ہے۔
اسی درمیان پاکستان کرکٹ بورڈ نے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کو کرکٹ کے مختصر فارمیٹ کے لئے پاکستانی ٹیم کا وائس کپتان مقرر کیا ہے۔ پی سی بی نے اس کی اطلاع سوشل نیٹ ورکنگ سائٹ ایکس(سابقہ ٹوئٹر)پر دی ہے۔ محمد رضوان زخمی آل راونڈر شاداب خان کی جگہ لیں گے۔
محمد رضوان پاکستان کی ٹی20 کرکٹ ٹیم کے کپتان فاسٹ بالر شاہین شاہ آفریدی کے ساتھ ٹیم کی ذمہ داری سنبھالیں گے۔ 12 جنوری کو آکلینڈ میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا ٹی 20 انٹرنیشنل میچ کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ ٹی 20 میچوں پر مشتمل سیریز کھیلی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں:آسٹریلیا ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں سرفہرست
دوسری طرف پاکستانی کرکٹ ٹیم ان دنوں آسٹریلیا میں ہے ۔ آسٹریلیا میں نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے شاہین شاہ آفریدی نے محمد رضوان کی کارکردگی کی تعریف کی۔ شاہین شاہ آفریدی کے بیان کے بعد ہی پاکستان کرکٹ بورڈ نے محمد رضوان کو وائس کپتان مقرر کرنے کا اعلان کیا۔