گزشتہ روز اچانک مصباح الحق اور وقار یونس نے اپنے اپنے عہدے سے ہٹنے کا فیصلہ کرکے سبھی کو حیران کردیا تھا اور اب اس کے بعد محمد عامر نے اپنے ریٹائرمنٹ کے فیصلے پر نظر ثانی کرتے ہوئے ٹیم میں واپسی کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔
محمد عامر نے قومی ٹیم میں واپسی کی خواہش ظاہر کردی ہے اور وہ اس بارے میں جلد ہی پاکستان کرکٹ بورڈ سے بات کریں گے۔
گزشتہ برس دسمبر میں محمد عامر نے اپنے یوٹیوب چینل پر بتایا تھا کہ ان کا ریٹائرمنٹ کا فیصلہ جذباتی نہیں ہے بلکہ سوچ سمجھ کر لیا گیا فیصلہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق اور بالنگ کوچ وقار یونس دورۂ نیوزی لینڈ سے قبل اپنے عہدے سے دستبردار ہوگئے ہیں۔ دونوں کی طرف سے عہدے سے دستبردار ہونے کے بعد نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں ثقلین مشتاق اور عبدالرزاق قومی کرکٹ ٹیم کے عبوری کوچز کی حیثیت سے ذمہ داریاں نبھائیں گے۔
مصباح الحق نے اپنے بیان میں کہا کہ انہوں نے جمائیکا میں قرنطینہ کے دوران اپنے 24 ماہ کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا تھا کہ جانتا ہوں کہ یہ صحیح وقت نہیں لیکن فی الحال وہ ذہنی طور پر مستقبل کے چیلینجز کا سامنا کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں اور اہل خانہ کے ساتھ وقت گزارنا چاہتے ہیں۔
دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کے عہدوں سے ہیڈ کوچ مصباح الحق اور بالنگ کوچ وقار یونس کی جانب استعفیٰ کے بعد سابق تیز گیند باز محمد عامر کی جانب سے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ واپس لیے جانے کا امکان ہے جو اندرون چند یوم میں متوقع ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس 19 دسمبر کو محمد عامر نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔