لاہور: آسٹریلیا کے عظیم بلے باز میتھیو ہیڈن آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں مسلسل دوسری بار پاکستان کرکٹ ٹیم کے مینٹور کا کردار نبھائیں گے۔ ہیڈن اس سے قبل 2021 میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ میں بھی پاکستان کے مینٹور کا کردار ادا کر چکے ہیں جہاں پاکستانی ٹیم نے سیمی فائنل تک کا سفر طےکیا تھا۔T20 World Cup
پاکستان کرکٹ بورڈ نے جمعہ کو ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ 'ہیڈن کو بطور مینٹور ٹیم میں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2021 میں ہندوستان، نیوزی لینڈ، افغانستان، اسکاٹ لینڈ اور نامبیا کے خلاف فتوحات حاصل کرکے پاکستان کو سیمی فائنل تک پہنچانے میں موثر کردار ادا کیا تھا۔
ہیڈن 15 اکتوبر کو برسبین میں پاکستانی ٹیم کے ساتھ شامل ہوں گے۔ اسی روز پاکستانی ٹیم بنگلہ دیش اور میزبان نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنے کے بعد کرائسٹ چرچ سے برسبین پہنچے گی۔ سابق آسٹریلین اوپنر نے کہا کہ میرے خیال میں اس پاکستانی ٹیم کے پاس آسٹریلیا میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے لیے درکار تمام صلاحیتیں ہیں اور بیٹنگ اور باؤلنگ دونوں نقطہ نظر سے کنڈیشنز ان کے لیے موزوں ہوں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ اس ٹیم نے تمام شعبوں بہترین انداز میں احاطہ کیا ہے اور مجھے یقین ہے کہ یہ ورلڈ کپ میں گزشتہ سال کی طرح بہترین کھیل پیش کرے گی۔ ورلڈ کپ سے قبل بابر اعظم کی ٹیم انگلینڈ اور افغانستان کے خلاف دو وارم اپ میچ کھیلے گی۔
چیئرمین پی سی بی رمیز راجا نے کہا کہ میں میتھیو ہیڈن کو اسکواڈ کا دوبارہ حصہ بننے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، دنیا بھر میں ان کی صلاحیتیں تسلیم شدہ ہیں، وہ اپنے ہمراہ آسٹریلوی کنڈیشنز کے بارے میں معلومات کا خزانہ لائیں گے اور مجھے یقین ہے کہ ان کی شمولیت سے ہمارے انتہائی باصلاحیت کرکٹرز کو ورلڈ کپ اور مستقبل کے دوروں کے لیے کافی فائدہ پہنچے گا۔ پی سی بی کا یہ اقدام گزشتہ سال کیے گئے فیصلے کا تسلسل معلوم ہوتا ہے جہاں گزشتہ سال بھی ٹی20 ورلڈ کپ میں قومی ٹیم نے میتھیو ہیڈن کی خدمات حاصل کی تھیں اور یہ فیصلہ کافی حد تک درست ثابت ہوا تھا۔
یواین آئی