جے پور: ہونہار اوپنر یشسوی جیسوال (43 گیندوں پر 77 رنز) کی دھماکہ خیز نصف سنچری کے بعد روی چندرن اشون (35/2) اور ایڈم زمپا (22/3) کی اسپن جوڑی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے راجستھان رائلز کو انڈین پریمیئر لیگ میں جمعرات کو چنئی سپر کنگز کے خلاف 32 رنز کی مضبوط جیت درج کی۔ جیسوال نے 43 گیندوں پر آٹھ چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 77 رنز بنائے اور رائلز کو 202 تک پہنچایا، جو سوائی مان سنگھ اسٹیڈیم میں آئی پی ایل کا سب سے بڑا اسکور ہے۔ جواب میں، چنئی شیوم دوبے (33 گیندوں، 52 رنز) کی آتشی نصف سنچری کے باوجود صرف 170 رنز تک ہی پہنچ سکی۔ دوبے نے چنئی کے لیے آخر تک مقابلہ کیا، انہوں نے 33 گیندوں پر دو چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 52 رنز بنائے۔ چنئی کو 12 گیندوں میں 46 رنز درکار تھے۔ جیسن ہولڈر نے 19ویں اوور میں محض نو رنز دے کر چنئی کو میچ سے باہر کر دیا۔
رائلز آٹھ میچوں میں پانچ جیت اور تین ہار کے ساتھ 10 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل کے ٹاپ پر پہنچ گئی ہے، جب کہ چنئی اتنے ہی میچوں میں 10 پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ سے تیسرے نمبر پر آ گئی ہے۔ گجرات ٹائٹنز سات میچوں میں 10 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ رائلز نے ٹاس جیت کر بلے بازی کا فیصلہ کیا اور جیسوال نے میزبان ٹیم کو شاندار آغاز فراہم کیا۔ جیسوال نے پہلے ہی اوور میں آکاش سنگھ پر تین چوکے لگا کر اپنا کھاتہ کھولا، جبکہ بٹلر نے اگلے ہی اوور میں تشار دیش پانڈے پر دو چوکے لگا کر ان کا ساتھ دیا۔ جیسوال نے تیسرے اوور میں آکاش کے خلاف 18 رنز جوڑے اور رائلز نے اس طرح پاور پلے میں 64 رنز بنالئے۔ جیسوال-بٹلر نے پہلے وکٹ کے لیے 82 رنز کی شراکت داری کرکے رائلز کو مضبوط پوزیشن میں پہنچا دیا۔ رویندرا جڈیجہ نے بٹلر (21 گیندوں، چار چوکوں، 27 رنز) کو آؤٹ کر کے اس شراکت کو توڑا، لیکن جیسوال دوسرے سرے سے رنز حاصل کرتے رہے۔
نوجوان بائیں ہاتھ کے کھلاڑی نے کپتان سنجو سیمسن کے ساتھ دوسرے وکٹ کے لیے 39 رنز کی شراکت قائم کی، تاہم، دیش پانڈے نے 14ویں اوور میں دونوں بلے بازوں کو آؤٹ کر کے رائلز کے رن ریٹ کو کچھ دیر کے لیے روک دیا۔ سیمسن ایک چوکے کی مدد سے 17 گیندوں پر صرف 17 رنز بنا سکے جبکہ ان کے بعد شمرون ہیٹمائر بھی 10 گیندوں پر آٹھ رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ رائلز 15 اوورز میں صرف 139 رنز ہی بنا سکی، لیکن دھرو جریل اور دیو دت پڈیکل کی جارحانہ بلے بازی نے میزبان ٹیم کو 200 رنز سے آگے بڑھا دیا۔ جوریل اور پیڈیکل نے پانچویں وکٹ کے لیے 20 گیندوں پر 48 رنز کی شراکت داری کی۔ جوریل 15 گیندوں پر تین چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 34 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ پیڈیکل 13 گیندوں پر چار چوکوں کی مدد سے 23 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
چنئی کے سب سے زیادہ کفایتی بالر مہیش تکشنا نے چار اوور میں 24 رن دے کر ایک وکٹ لیا جبکہ جڈیجہ نے چار اوور میں 32 رن دے کر ایک وکٹ حاصل کیا۔ دیش پانڈے نے سب سے زیادہ دو کامیابیاں حاصل کیں لیکن ان کے چار اوورز میں رائلز نے 42 رنز بنائے۔ متھیشا پاتھیرانا چار اوور میں 44 رنز دے کر چنئی کے سب سے مہنگے بالر ثابت ہوئے۔ ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے چنئی کی شروعات سست رہی۔ رتوراج گائیکواڑ نے پاور پلے میں کچھ اچھے شاٹس لگائے لیکن رائلز نے ان کی جوڑی دار ڈیون کونوے کو ہاتھ نہیں کھولنے کا موقع نہیں دیا۔ کونوے 16 گیندوں پر محض آٹھ رنز بنا سکے اور ایڈم زمپا نے پاور پلے کی آخری گیند پر اپنی جدوجہد کا خاتمہ کیا۔ گائیکواڑ نے 29 گیندوں پر پانچ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 47 رنز بنائے لیکن اسپنرز نے وقفے وقفے سے وکٹیں لے کر رائلز کو مقابلہ میں برقرار رکھا۔ زمپا نے 10ویں اوور میں گائیکواڑ کو آؤٹ کیا، جب کہ اجنکیا رہانے (13 گیندوں، 15 رنز) چھ گیندوں بعد روی چندرن اشون کا شکار بنے۔
یہ بھی پڑھیں: IPL 2023 کولکاتا نائٹ رائیڈرز نے رائل چیلنجرز بنگلور کو اکیس رنوں سے شکست دی
اشون نے اسی اوور میں امباتی رائیڈو کو بھی پویلین بھیجتے ہوئے چنئی کی مشکلات میں اضافہ کردیا۔ جب چنئی کو نو اوورز میں 130 رنز درکار تھے، شیوم نے معین علی کے ساتھ اسپنرز پر حملہ کرتے ہوئے 51 رنز کی اہم شراکت داری کی۔ معین دو چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 12 گیندوں پر 23 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، حالانکہ دوبے نے حملہ جاری رکھا۔ انہوں نے 17ویں اوور میں جیسن ہولڈر کو ایک چھکا اور دو چوکے لگائے جبکہ جڈیجہ نے 18ویں اوور میں سندیپ شرما کو دو چوکے مار کر 12 رنز بنائے۔ آخری دو اووروں میں 46 رنز درکار ہونے کے ساتھ چنئی میچ میں کچھ حد تک برقرار تھا، لیکن ہولڈر نے 19 ویں اوور میں محض نو رنز دیے۔ چنئی کو آخری اوور میں 37 رنز درکار تھے۔ تیز گیند باز کلدیپ یادو نے نظم و ضبط کے ساتھ اس اوور میں صرف چار رنز دیے اور آخری گیند پر دوبے کا وکٹ لے کر میچ کا اختتام کیا۔
یو این آئی