دبئی: ایشیا کپ کے سپر-4 میچ میں وراٹ کوہلی کے 1020 روز کے بعد سنچری بنانے پر نہ صرف بھارتی شائقین نے بلکہ پاکستانی کھلاڑیوں نے بھی ان کی جم کر تعریف کی ہے۔ پاکستان کے تیزگیندباز حسن علی اور محمد عامر نے ٹویٹر پر کوہلی کو ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں پہلی اور بین الاقوامی کرکٹ میں 71ویں سنچری پر مبارکباد دی حسن نے ٹویٹ کیا کہ عظیم کرکٹر وراٹ کوہلی ایک بار پھر سے لوٹ آئے ہیں۔ عامر نے مبارکباد دیتے ہوئے کہا ،بالآخر انتظار ختم ہوا۔ کنگ کوہلی کی شاندار سنچری۔Pakistan players praises Virat Kohli
کوہلی اس سنچری سے پہلے 1020 دنوں کے وقفے کے بعد خراب فارم سے لڑ رہے تھے اور کچھ کرکٹ ماہرین نے بھارت کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں ان کی جگہ پر سوال اٹھانا شروع کر کردیا تھا۔ پاکستان کے سابق وکٹ کیپر اور بلے باز کامران اکمل نے ٹویٹ کیا، 'فارم عارضی ہے، کلاس مستقل ہے۔ کوہلی کو کھیلتے دیکھنا ہمیشہ اچھا لگتا ہے۔ آپ لاجواب ہیں، آپ کرکٹ کے حقیقی بادشاہ ہو۔'
پاکستان کے آل راؤنڈر عماد وسیم نے کوہلی کو دنیا کا بہترین کھلاڑی قرار دیتے ہوئے کہا کہ 'دنیا کا بہترین کھلاڑی دوبارہ اپنی فارم میں آ گیا ہے، وراٹ کوہلی اب تک کے بہترین کھلاڑی ہیں'۔ کوہلی نے جمعرات کو اپنی پہلی ٹی ٹوئنٹی سنچری کا سہرا بیوی انوشکا شرما اور بیٹی وامیکا کے سرباندھا۔
کوہلی کی یہ سنچری خاص تھی کیونکہ یہ تین سال کے وقفے کے بعد ان کے بلے سے آئی ہے۔ کوہلی نے 12 چوکوں اور چھ چھکوں کی مدد سے 122 رن بنائے ۔کوہلی کی یہ 71ویں بین الاقوامی سنچری ہے جس نے آسٹریلیا کے رکی پونٹنگ کے ریکارڈ کی برابری کی۔ تاہم سابق کپتان نے پونٹنگ سے کم اننگز کھیل کر یہ سنگ میل حاصل کیا۔ اب کوہلی سنچریوں کے معاملے میں صرف ماسٹر بلاسٹر سچن تیندولکر (100) سے پیچھے ہیں۔
یو این آئی