لکھنؤ: لکھنؤ سپر جائنٹس (ایل ایس جی) کے کپتان کے ایل راہل اور تیز گیند باز جے دیو انادکٹ آئی پی ایل 2023 سے باہر ہو گئے ہیں۔ دونوں کھلاڑی مختلف طریقوں سے زخمی ہوئے۔ کے ایل راہل رائل چیلنجرز بنگلور کے خلاف میچ میں زخمی ہو گئے تھے، جب کہ جے دیو انادکٹ بولنگ کی پریکٹس کرتے ہوئے زخمی ہو گئے۔ اس سے لکھنؤ کی ٹیم کی آئی پی ایل مہم کو بڑا دھچکا لگا ہے۔ راہل یکم مئی کو لکھنؤ میں آر سی بی کے خلاف کھیلے گئے میچ کے دوران زخمی ہو گئے تھے۔ اس کی دائیں پیر پر چوٹ لگی ہے۔ دوسری جانب انادکٹ اتوار کو نیٹ پر بولنگ کے دوران پھسلنے سے زخمی ہو گئے تھے۔ انادکٹ کو کندھے کی چوٹ لگی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق راہل ورلڈ ٹیسٹ چمپیئن شپ کے فائنل سے بھی باہر ہوسکتے ہیں۔ کہا جارہا ہے بی سی سی آئی کی اسپورٹس میڈیکل ٹیم کے لیے راہل کو 7 سے 11 جون تک لندن میں ہونے والے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل (ڈبلیو ٹی سی فائنل 2023) کے لیے تیار کرنا مشکل ہوگا۔ راہل کو باؤنڈری کے قریب گیند کو روکنے کی کوشش کے دوران دائیں پیر میں چوٹ لگی۔ بعد میں راہل آر سی بی کے خلاف 11 ویں نمبر پر بلے بازی کرنے آئے۔ انہوں نے تین گیندوں کا سامنا کیا، لیکن وہ اپنا کھاتہ نہیں کھول سکے۔ کے ایل راہل نے اس آئی پی ایل میں 9 میچوں میں 274 رنز بنائے جس میں دو نصف سنچریاں شامل ہیں۔ ان کا اسٹرائیک ریٹ 113.22 رہا۔
دوسری جانب جے دیو انادکٹ کے آئی پی ایل 2023 کے اعدادوشمار پر نظر ڈالیں تو انہوں نے 3 میچ کھیلے اور انہیں کوئی کامیابی نہیں ملی۔ کرنل پانڈیا آج (3 مئی) چنئی کے خلاف لکھنؤ کے میچ میں کے ایل راہل کی جگہ ٹیم کی کپتانی کر رہے ہیں۔ گزشتہ میچ میں بھی راہل کے زخمی ہونے کے بعد انہوں نے ٹیم کی قیادت سنبھالی تھی۔ کے ایل راہل کے آئی پی ایل سے باہر ہونے کی وجہ سے لکھنؤ کی ٹیم پر دباؤ بڑھے گا، یہ ٹیم کے لیے بڑا دھچکا ہے۔ وہ فی الحال نو میچوں میں 10 پوائنٹس کے ساتھ آئی پی ایل پوائنٹس ٹیبل میں تیسرے نمبر پر ہے۔ RCB سے پچھلی شکست کی وجہ سے ان کے حوصلے پست ہوئے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اب لکھنؤ سپر جائنٹس کے کپتان کے ایل راہل آئی پی ایل میں مزید میچ نہیں کھیل سکیں گے۔ پی ٹی آئی نے تصدیق کی ہے کہ جے دیو انادکٹ کے کندھے کی حالت بھی تشویشناک ہے۔ انادکٹ کو بھی اس پورے آئی پی ایل سیزن سے باہر کردیا گیا ہے۔ بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے ایک ذرائع نے پی ٹی آئی کو بتایاکہ "راہل فی الحال لکھنؤ میں ٹیم کے ساتھ ہیں۔ وہ بدھ کو چنئی سپر کنگز کے خلاف میچ دیکھنے کے بعد جمعرات کو ممبئی آئیں گے۔ جہاں ان کا سکین کیا جائے گا۔ راہل کے کیس کے ساتھ جے دیو کے کیس کو بھی دیکھا جائے گا۔
ذرائع نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ ابھی تک کوئی سکین نہیں کیا گیا ہے۔ بتایا گیا کہ جب کسی کو اس قسم کی چوٹ لگتی ہے تو زخمی جگہ پر بہت درد اور سوجن ہوتی ہے۔ سوجن کو ٹھیک ہونے میں تقریباً 24 سے 48 گھنٹے لگتے ہیں اور اس کے بعد ہی آپ اسکین کر سکتے ہیں۔ مانا جارہا ہے کہ انادکٹ کی چوٹ بھی سنگین ہے۔ ذرائع نے کہا 'ہاں، یہ اچھی بات ہے کہ جے دیو کو کوئی ڈسکیشن نہیں ہے، لیکن یہ بھی سچ ہے کہ ان کے کندھے کی حالت ٹھیک نہیں ہے۔ جہاں تک اس سیزن کا تعلق ہے تو وہ اب آئی پی ایل نہیں کھیل سکتے۔ ہم یہ بھی نہیں کہہ سکتے کہ آیا وہ WTC فائنل کھیلنے کے لیے وقت پر فٹ ہوں گے یا نہیں۔
غور طلب ہے کہ یہ دونوں کھلاڑی (راہل اور انادکٹ) بھی 7 جون سے لندن کے اوول میں ہونے والے ڈبلیو ٹی سی فائنل کے لیے ٹیم میں شامل ہیں۔ ایسے میں یہ دونوں کھلاڑی ٹیم انڈیا کے لیے کھیل پائیں گے یا نہیں، یہ کہنا مشکل ہے۔ اس کے علاوہ جسپریت بمراہ، رشبھ پنت، شریاس ائیر جیسے کھلاڑی بھی ڈبلیو ٹی سی فائنل سے پہلے باہر ہو چکے ہیں۔ ایسے میں زخمی کھلاڑی ٹیم انڈیا کے لیے مسلسل پریشانیوں میں اضافہ کا باعث بن رہے ہیں۔
مزید پڑھیں: