انڈین پریمیئر لیگ میں آج سن رائزرس حیدرآباد اور راجستھان رائلز کے مابین پونے کے مہاراشٹر کرکٹ ایسوسی ایشن اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیمیں ایک دوسرے سے مقابلہ کرکے 2022 کے سیزن کی مہم کا آغاز کریں گی۔ 2022 کے سیزن کی میگا نیلامی کی وجہ سے اس بار دونوں ٹیموں کے پاس کافی نئے چہرے ہیں۔ اس بار راجستھان کی ٹیم نے تمام گیند بازوں اور بلے بازوں پر بڑا داؤ کھیلا ہے۔ گیند بازوں میں اس بار راجستھان کو تجربہ کار بھارتی اسپنرز روی چندرن اشون، یزویندر چہل، نیوزی لینڈ کے خطرناک گیندباز ٹرینٹ بولٹ، جمی نیشام اور آسٹریلیا کے ناتھن کولٹر نائل کی خدمات حاصل ہیں۔ ساتھ ہی ساتھ کپتان سنجو سیمسن اور جوز بٹلر کے علاوہ شمرون ہیٹمائر، راسی وین ڈیر ڈوسن، ڈیرل مچل اور نیشام جیسے شاندار بلے باز بھی دستیاب ہیں۔ Sunrisers Hyderabad vs Rajasthan Royals
دوسری جانب حیدرآباد ٹیم کو ٹائٹل جتوانے کی ذمہ داری ایک بار پھر کپتان کین ولیمسن کے کندھوں پر ہے۔ بھونیشور کمار، عمران ملک اور ٹی نٹراجن کے ساتھ اس بار نوجوان تیز گیند باز مارکو یانسن اور فضل حق فاروقی بھی بولنگ اٹیک میں موجود ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ عبدالصمد، نکولس پورن، ایڈم مارکرم، گلین فلپس اور روماریو شیفرڈ جیسے بلے باز دستیاب ہیں۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ میگا نیلامی میں فرنچائزز کے کروڑوں روپے خرچ کرنے والے کھلاڑی میدان میں کیسی کارکردگی دکھاتے ہیں۔ کھلاڑیوں کی فارم اور ان کی فٹنس ٹیم کے لیے ہمیشہ تشویش کا باعث ہوتی ہے۔