ممبئی انڈینز کے کپتان روہت شرما نے ٹاس جیت کر بلے بازی کا فیصلہ کیا تھا۔ روہت اور کوئنٹن ڈی کاک نے اننگ کا اچھا آغاز کیا اور پہلے وکٹ کے لیے 55 رنوں کی پارٹنرشپ کی لیکن ٹیم کے بقیہ کھلاڑی اس اچھی شروعات کا فائدہ نہیں اٹھا سکے اور جلدی جلدی آؤٹ ہوگئے۔
روہت شرما اننگ کے ساتوں اوور میں وجے شنکر کا شکار بنے، انہوں نے 25 گیندوں میں 2 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 32 رنز بنائے۔
اس کے بعد سوریہ کمار یادو بلے بازی کرنے آئے لیکن وہ زیادہ دیر کریز پر نہیں ٹک سکے اور محض 10 رنز بنا کر وجے شنکر کی گیند پر پویلین لوٹ گئے جبکہ ایشان کشن بھی 12 رنز بنا کر مجیب الرحمن کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
اس دوران ڈی کاک اسکور آگے بڑھا رہے تھے لیکن ان کی اننگ کافی سست رہی اور انہوں نے 39 گیندوں میں 40 رنز بنائے۔ اس کے علاوہ ہاردک پانڈیا بھی محض 7 رنز بنا کر لوٹ گئے۔
آخری اوورز میں کیرون پولارڈ نے بڑے شاٹس لگائے اور ٹیم کو باعزت اسکور تک پہنچایا۔ پولارڈ نے 22 گیندوں میں 1 چوکا اور 3 فلک بوس چھکوں کی مدد سے 35 رنوں کی اننگ کھیلی۔
سن رائزرس حیدر آباد کی جانب سے وجے شنکر اور مجیب الرحمن نے دو دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ خلیل احمد کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔