احمد آباد: ہاردک پانڈیا کی گجرات ٹائٹنز کا مقصد انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے دوسرے کوالیفائر میں جمعہ کو ممبئی انڈینز سے مقابلہ کرتے ہوئے پہلے کوالیفائر کی غلطیوں سے سبق سیکھ کر فائنل میں جگہ بنانا ہے۔
دوسری طرف، روہت شرما کی ممبئی انڈینز، ایلیمینیٹر میں لکھنؤ سپر جائنٹس کو 81 رنز سے شکست دینے کے بعد پراعتماد نظرآرہی ہے اور وہ گجرات کو شکست دے کر ریکارڈ چھٹے ٹائٹل کی طرف گامزن ہے۔
گجرات کی ٹیم پہلے کوالیفائر میں بھلے ہی چنئی کو ہرانے میں کامیاب نہ ہوسکی، لیکن نریندر مودی اسٹیڈیم میں انہیں ہرانا آسان نہیں ہوگا۔ پانڈیا کے کھلاڑیوں نے اس گراؤنڈ پر آٹھ میں سے پانچ میچ جیتے ہیں، جس میں 25 اپریل کو ممبئی کے خلاف جیت بھی شامل ہے۔ آمنے سامنے کے میچوں میں گجرات نے ممبئی کو دو بار شکست دی ہے جبکہ روہت کی ٹیم ایک بار جیتی ہے۔
اس گراؤنڈ پر گجرات کے اوپنر شبمن گل کا ریکارڈ بھی شاندار ہے۔ انہوں نے نریندر مودی اسٹیڈیم میں 10 اننگز میں 55.66 کی اوسط سے 501 رنز بنائے ہیں جس میں ایک سنچری اور دو نصف سنچریاں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ گجرات کے معروف تیز گیند باز محمد شامی نے بھی اس گراؤنڈ پر 11 میچوں میں 18 وکٹیں حاصل کی ہیں اور ان کی بہترین آئی پی ایل کارکردگی (دہلی کیپٹلز، 11 رنز، 4 وکٹ) بھی ہوم گراؤنڈ پر آئی ہے۔
ان دو باصلاحیت ہندوستانیوں کے علاوہ، گجرات میں ایسے میچ ونر بھی ہیں جو موقع ملنے پر ممبئی کا فائنل میں پہنچنے کا خواب چکنا چور کر سکتے ہیں۔
یواین آئی۔