اپنے سبھی میچ غیر جانبدار مقامات پر کھیلنے کے لئے تیار آئی پی ایل کی تین مرتبہ کی فاتح ٹیم چینئی سپر کنگس (سی ایس کے) کپتان مہیندر سنگھ دھونی کی قیادت میں جمعرات کے روز ممبئی کے لئے روانہ ہو گئی جہاں وہ آئندہ ماہ شروع ہو رہے آئی پی ایل 2021 سیشن کے لئے اپنے آگے کی تربیت اور تیاریاں جاری رکھے گی۔
سی ایس کے ایک ماہ تک ممبئی میں قیام کرے گی اور اپنے پہلے پانچ لیگ میچ یہاں کھیلے گی۔ سی ایس کے 10 اپریل کو دہلی کیپیٹل کے خلاف پہلا، 16 اپریل کو پنجاب کنگز کے خلاف دوسرا، 19 اپریل کو راجستھان رائلز کے خلاف تیسرا، 21 اپریل کوکولکتہ نائٹ رائیڈرز کے خلاف چوتھا اور 25 اپریل کو رائل چیلنجرز بنگلور کے خلاف پانچواں میچ کھیلے گی۔ اس کے بعد وہ لیگ کے باقی میچ دہلی، بنگلورو اور کولکتہ میں کھیلے گی۔
آئی پی ایل کے 14 ویں سیزن کے تمام میچ غیر جانبدار مقامات پر کھیلے جائیں گے جبکہ 25 مئی سے احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں پلے آف مقابلے شروع ہوں گے اور 30 مئی کو یہاں فائنل میچ کھیلا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: شریس ائیر جلد واپسی کے لئے پرعزم
سی ایس کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) کے ایس وشوناتھن نے ایک ریلیز میں کہا، "کھلاڑیوں نے اعتراف کیا ہے کہ پندرہ روز تک چلا کیمپ فائدہ مند رہا تھا۔ ہمارے پاس اوپن نیٹ کے بھی چار سے پانچ دن ہیں۔ پچھلے سیزن کے بعد، دھونی نے ہمیں بتایا تھا کہ وہ آئی پی ایل 2021 سیزن کی تیاری کے لئے مارچ میں چنئی پہنچ جائیں گے اور وہ اپنے وعدے پر قائم رہے اور مارچ میں یہاں پہنچ گئے۔ اب تک کھلاڑیوں کا تبادلہ اور اب تک ٹیم کی تیاریوں پر غور کرتے ہوئے ، ہمیں یقین ہے کہ ٹیم اس سیزن میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔''
سی ایس کے نے فروری میں آئی پی ایل کی نیلامی میں انگلینڈ کے آف اسپنر گیندبازی آل راؤنڈر معین علی اور ہندوستانی آف اسپنر کرشنپا گوتم کے علاوہ ٹاپ آرڈر کے تجربہ کار بلے باز روبن اتھپا کو ٹیم میں شامل کیا تھا۔ واضح رہے کہ سی ایس کے آئی پی ایل کی تاریخ کی سب سے کامیاب ٹیم رہی ہے۔