سن رائزرس حیدرآباد نے آئی پی ایل میچ میں رائل چیلنجرز بنگلور کو نو وکٹ سے شکست دے دی۔ جیت کے لیے محض 69 رنز کا تعاقب کرتے ہوئے حیدرآباد نے ہدف کو 12 اوورز باقی رہتے ہوئے آٹھ اوورز میں 1 وکٹ گنوا کر حاصل کرلیا، جس میں کپتان کین ولیمسن 16 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ ابھیشیک شرما نے 47 رنز بنائے۔ آر سی بی کی جانب سے ہرشل پٹیل نے 18 رن پر ایک وکٹ حاصل کیا۔
اس سے قبل مارکو یانسن (25 رن پر 3وکٹ) اور ٹی نٹراجن (10 پر 3وکٹ) کی خطرناک گیندبازی کی بدولت سن رائزرس حیدرآباد نے رائل چیلنجرز بنگلور کو آئی پی ایل مقابلے میں ہفتہ کو 16.1 اوور میں محض 68 رن پر ڈھیر کر دیا تھا۔ حیدرآباد نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کرنے کا درست فیصلہ کیا۔ میچ کے دوسرے اوور میں مارکو یانسن نے تین شکار کرتے ہوئے آر سی بی کی اننگ کو اتنا پیچھے دھکیل دیا کہ وہ کبھی واپس ہی نہ آسکی۔
یانسن نے کپتان فاف ڈو پلیسس، وراٹ کوہلی اور انوج راوت کو دوسرے ہی اوور میں پویلین بھیج دیا۔ نٹراجن نے گلین میکسویل، ہرشل پٹیل اور ونیندو ہسرنگا کا شکار کیا۔ جگدیش سوچتھ نے 12 رن پردو وکٹ لئے جبکہ بھونیشور کمار اور عمران ملک کو ایک ایک وکٹ ملا۔ بنگلورو کے 68 میں سویاش پربھودیسائی نے 15 اور میکسویل نے 12 رنز بنائے۔ بنگلور کی اننگ میں تیسرا سب سے زیادہ اسکور اضافی 12 رنوں کا رہا۔
مختصر اسکور:
رائل چیلنجرز بنگلور: 16.1 اوور میں 68 آل آؤٹ (سویش پربھودیسائی 15؛ مارکو جانسن 3/25، ٹی نٹراجن 3/10)۔
سن رائزرز حیدرآباد: 8 اوور میں 1 وکٹ پر 72 (ابھیشیک شرما 47، کین ولیمسن 16 ناٹ آؤٹ؛ ہرشل پٹیل 1/18)۔