ممبئی کے بلے باز سوریہ کمار یادو (51) اور ایشان کشن (ناٹ آؤٹ 55) کی شاندار نصف سنچری اور ہاردک پانڈیا کی ناٹ آؤٹ 37 رن کی طوفانی اننگ کے بعد جسپریت بمراہ اور ٹرینٹ بولٹ کی خطرناک گیند بازی سے ممبئی انڈینس نے دہلی کیپیٹلس کو آئی پی ایل کے پہلے کوالیفائر میں جمعرات کو یکطرفہ انداز میں 57 رن سے ہراکر چھٹی مرتبہ فائنل میں جگہ بنالی۔
گزشتہ چیمپئن اور چار مرتبہ کی فاتح ممبئی نے بیس اوور میں پانچ وکٹ پر 200 رنوں کا مضبوط اسکور کیا اور دہلی کو بیس اوور میں آٹھ وکٹ پر 143 رن پر روک دیا۔ ممبئی نے اس طرح چھٹی مرتبہ فائنل میں جگہ بنالی ہے۔
بمراہ نے چار وکٹ اور بولٹ نے نو رن پر دوکٹ لئے۔ بمبراہ نے اس کے ساتھ ہی اس سیشن میں اپنے وکٹوں کی تعداد ستائس پہنچادی اور بھونیشور کمار کا ایک سیشن میں سب سے زیادہ چھبیس وکٹ لینے کا بھارتی ریکارڈ توڑ دیا۔
دہلی کی اس شکست کے بعد پہلی مرتبہ فائنل میں جگہ بنانے کی امید ابھی ختم نہیں ہوئی ہے۔ دہلی آٹھ نومبر کو ہونے والے دوسرے کوالیفائر میں سن رائزار حیدرآباد اور رائل چیلنجزر بنگلورو کے درمیان ایلیمینیٹر کی فاتح ٹیم سے کھیلے گی اور اس مقابلے کو جیتنے والی ٹیم دس نومبر کو ہونے والے فائنل میں ممبئی سے کھیلے گی۔
بڑے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے دہلی کی ٹیم چار اوور میں پرتھوی شا، اجنکیا رہانے، شیکھر دھون اور کپتان شریس ایر کو بیس رن پر گنوانے پر ہی مقابلہ ہارگئی تھی۔ مارکس اسٹائنس نے پینسٹھ رن بنا کر صرف دہلی کی ہار کا فرق کم کیا۔ اسٹائنس کا اس سیشن کی یہ تیسری نصف سنچری تھی لیکن وہ ممبئی کو نہیں روک سکے۔ ممبئی نے دہلی کو لیگ میچوں میں دونوں مرتبہ شکست سے دوچار کیا تھا۔