کولکاتا نائٹ رائیڈرز نے سلامی بلے باز نتیش رانا (81 رنز) اور سنیل نارائن (64 رنز) کی شاندار نصف سنچریوں اور ان کے مابین چوتھے وکٹ کے لیے 56 گیندوں پر 115 رنز کی شاندار پارٹنرشپ کی بدولت 20 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 194 رن کا مضبوط اسکور بنایا اس کے بعد نوجوان اسپنر ورون چکرورتی کی شاندار گیند بازی سے دہلی کو 9 وکٹ پر 135 رن پر روک دیا۔
اس شکست کے بعد ٹورنامنٹ میں دہلی کی یہ چوتھی اور مسلسل دوسری شکست تھی جس کی وجہ سے اس کے پلے آف میں داخلے کا انتظار بڑھ گیا ہے۔
کولکاتا نائٹ رائیڈرز کی 11 میچوں میں یہ چھٹی جیت ہے اور وہ 12 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر قائم ہے۔ کولکاتا کے لیے یہ جیت اہم رہی کیونکہ اب پلے آف کے لیے باقی تین میچوں میں سے اسے دو میچ جیتنے ہوں گے جبکہ دہلی کو پلے آف کے لیے ایک جیت کی ضرورت ہے۔
کولکاتا ٹیم اپنے گزشتہ میچ میں بنگلور کے خلاف 84 رنز ہی بنا سکی تھی لیکن اس مقابلے میں اس نے بلے اور گیند سے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور جیت حاصل کی۔
کولکاتا نے ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بلے بازی کرنے اتری لیکن اس کی شروعات خراب رہی اور اس نے 42 رن تک تین وکٹ گنوا دیئے تھے۔ ایسی نازک حالت میں نتیش رانا اور سنیل نارائن نے محاذ سنبھالا اور مسلسل بہترین شاٹس کھیلتے ہوئے ٹیم کو ابتدائی بحران سے نکالا۔
سنیل نارائن مشتبہ گیند بازی ایکشن کی شکایت کے سبب گزشتہ میچ میں نہیں کھیل سکے تھے۔ اس میچ میں انہیں ٹام بینٹن کی جگہ شامل کیا گیا اور نارائن نے اس موقع کا پورا فائدہ اٹھاتے ہوئے تیز نصف سنچری بنائی۔
نارائن نے محض 32 گیندوں میں 64 رن میں 6 چوکے اور 4 چھکے لگائے۔ انہیں کگیسو ربادا نے اجنکیا رہانے کے ہاتھوں کیچ کرایا۔ نارائن اور رانا کے مابین چوتھے وکٹ کے لیے محض 54 گیندوں پر 115رن کی پارٹنرشپ ہوئی۔
نارائن کے آؤٹ ہونے کے بعد نتیش رانا نے رنوں کی رفتار جاری رکھی۔ رانا نے آخری اوور میں مرکس اسٹوائنس کی تیسری اور چوتھی گیند پر مسلسل چوکے لگائے لیکن پانچویں گیند پر آوٹ ہوگئے۔ انہوں نے 53گیندوں پر 81 رن میں 13 چوکے اور ایک چھکا لگایا جبکہ مورگن آخری گیند پر آوٹ ہوئے۔
کولکاتا کی اننگز کی شروعات میں شبھمان گل (9 رنز)، راہل ترپاٹھی (13 رنز) اور دنیش کارتک 3 رن بناکر آؤٹ ہوئے لیکن اس کے بعد میدان میں رانا اور نارائن کی جوڑی نے کمال کی بلے بازی کی اور ٹیم کو مضبوط اسکور تک پہنچایا۔
دہلی کی جانب سے اینرک نورجے، کگیسو ربادا اور مرکس اسٹوائنس نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
ہدف کا تعاقب کرنے اتری دہلی کی شروعات اچھی نہیں رہی۔ اس میچ میں پرتھوی شا کی جگہ شامل کئے گئے اجنکیا رہانے موقع کا فائدہ نہیں اٹھا سکے اور اننگز کی پہلی ہی گیند پر پیٹ کمنز کا شکار بن گئے۔ اس کے بعد گزشتہ دو میچوں میں مسلسل ناٹ آوٹ سنچری بنانے والے شکھر دھون سے دہلی کو کافی امیدیں تھیں لیکن وہ بھی محض 6 رن بناکر کمنز کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔
دہلی کے کپتان شریس ایر نے وکٹ کیپر رشبھ پنت کے ساتھ تیسرے وکٹ کے لیے 63 رن کی شراکت کی لیکن اس شراکت کے دوران رنوں کی رفتار سست ہوتی گئی اور اس دوران اسپنر ورون چکرورتی نے قہر برپا کیا اور پانچ وکٹیں لے کر دہلی کو شکست کے دہانے پر ڈھکیل دیا۔
چکرورتی نے رشبھ پنت، شمرون ہٹمائر، شریس ایر، مرکس اسٹوائنس اور اکشر پٹیل کے وکٹ لے کر کولکاتا کے خیمے میں امیدیں اور خوشی پھیلا دی۔
دہلی کے بلے بازوں نے مسلسل دوسرے میچ میں مایوس کن بلے بازی کی۔ دہلی کو اپنے گزشتہ مقابلے میں کنگز الیون پنجاب سے پانچ وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
کولکاتا کی جانب سے ورون چکرورتی کے پانچ بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی اس کے علاوہ کمنز نے 3 اور لوکی فرگیوسن ایک وکٹ لیا۔ اس شکست کے بعد دہلی پوائنٹس ٹیبل میں دوسرے نمبر پر آگئی ہے۔