سڈنی: آسٹریلیا میں جاری ٹی 20 ورلڈ کپ کے سُپر 12 مرحلے میں بھارت اور نیدر لینڈ کے مابین سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں میچ کھیلا جائے گا۔ بھارت نے اپنے پہلے میچ میں پاکستان کو شکست دی ہے جس کی وجہ سے ٹیم پُرجوش ہے۔ میچ دوپہر 12:30 بجے شروع ہوگا۔ دونوں ٹیمیں پہلی بار ٹی 20 میچوں میں آمنے سامنے ہیں جبکہ اس سے قبل ان کے درمیان دو یکروزہ میچ ہوچکے ہیں جن میں بھارت نے کامیابی حاصل کی ہے۔ Indian formidable Batting Lineup سُپر 12 مرحلے کے اپنے پہلے میچ میں بھارت نے اپنے روایتی حریف پاکستان کو 4 وکٹوں سے شکست دی ہے جبکہ نیدرلینڈ کی ٹیم سری لنکا کو شکست دے کر سُپر 12 میں پہنچی ہے لیکن سُپر 12 میں اسے بنگلہ دیش کے ہاتھوں نو رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ پہلا میچ ہارنے والی نیدر لینڈ ٹیم پر میچ جیتنے کا دباؤ ہوگا کیوںکہ اس کے سامنے بھارت جیسی دنیا کی بہترین ٹیم ہے جس میں وراٹ کوہلی، روہت شرما، سوریہ کمار یادو اور کے ایل راہُل جیسے دنیا کے بہترین بلے باز ہیں جس کی وجہ سے ٹیم انڈیا کا پلڑا بھاری ہے۔
نیدرلینڈ کا ممکنہ اسکواڈ: اسکاٹ ایڈورڈز (کپتان اور وکٹ کیپر)، میکس او ڈاؤڈ، وکرمجیت سنگھ، باس ڈی لیڈ، ٹام کوپر، کولن ایکرمین، ٹم پرنگل، رولوف وین ڈیر مروے، ٹم وین ڈیر گوگٹین، فریڈ کلاسن، پال وین میکرن۔
بھارت کا ممکنہ اسکواڈ: روہت شرما (کپتان)، کے ایل راہُل، وراٹ کوہلی، سوریہ کمار یادو، ہاردک پانڈیا، رشبھ پنت، دنیش کارتک(وکٹ کیپر)، روی چندرن اشون، بھونیشور کمار، محمد شامی، ارشدیپ سنگھ۔
پچ رپورٹ: رپورٹس کے مطابق آج کے میچ میں پچ بلے بازوں کے لیے فائدہ مند ہوگی اور بہت زیادہ رنز بنائے جاسکتے ہیں۔ جیسے جیسے میچ آگے بڑھے گا پچ کھلنے کا امکان ہے جس کا فائدہ بعد میں بیٹنگ کرنے والی ٹیم کو ہوگا۔
سڈنی میں موسم کیسا رہے گا؟ آج کے میچ کے تعلق سے کچھ تشویش ہے۔ میچ سے قبل آسمان ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ منگل کو ہونے والی بارش کی وجہ سے موسم مزید خراب ہونے کا خدشہ ہے۔ تاہم آسٹریلیا کے محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ میچ کے وقت موسم قدرے صاف ہو سکتا ہے۔ رپورٹس کے مطابق میچ کے دوران درجہ حرارت 24 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔