لاڈرہل: سوریہ کمار یادو (45 گیندوں، 61 رن) کی شاندار نصف سنچری کی بدولت بھارت نے اتوار کو فیصلہ کن پانچویں ٹی ٹوئنٹی میں ویسٹ انڈیز کے سامنے 166 رنز کا ہدف رکھا۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے روماریو شیفرڈ نے سب سے زیادہ چار وکٹیں حاصل کیں، جبکہ عقیل حسین اور جیسن ہولڈر نے دو دو وکٹیں لے کر ہندوستان کو 165/9 تک محدود کردیا۔ روسٹن چیز نے ایک وکٹ حاصل کی۔
ہندوستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن ویسٹ انڈیز نے پہلے ہی اوور سے اسپن بولنگ کو آزماتے ہوئے مہمان ٹیم کو آگے نہیں بڑھنے دیا۔ عقیل حسین نے پہلے ہی اوور میں پلیئر آف دی میچ یشسوی جیسوال (پانچ) کو پویلین بھیجا جبکہ دو اووروں کے بعد انہوں نے شبھمن گل (نو) کو آؤٹ کیا۔ تلک ورما نے ابتدائی اوورز میں دھیمی بلے بازی کی تلافی کرتے ہوئے چھٹے اوور میں 19 رنز جوڑے اور اس طرض پاور پلے میں انڈیا کاا سکور 51/2 رہا۔
تلک نے سوریہ کمار کے ساتھ تیسری وکٹ کے لیے 49 رنز جوڑے، انہوں نے تین چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 18 گیندوں پر 27 رنز بنائے۔ اسپن کے خلاف ہندوستان کی پریشانیاں تاہم ختم نہیں ہوئیں اور آف اسپنر روسٹن چیز نے تلک کو آؤٹ کرکے ہندوستان کی تیسری وکٹ حاصل کی۔
شیفرڈ نے اپنے پہلے اوور میں سنجو سیمسن (9 گیندوں، 13 رنز) کو آؤٹ کیا، جب کہ کپتان ہاردک پانڈیا 18 گیندیں کھیلنے کے بعد صرف 14 رنز ہی بنا سکے۔ اس دوران سوریہ کمار کی فائٹنگ اننگز نے ہندوستان کو باعزت اسکور تک لے جانے کا کام کیا۔
نائب کپتان سوریہ کمار نے 16ویں اوور میں الزاری جوزف کی گیندپر چھکا لگا کر 38 گیندوں میں اپنی نصف سنچری مکمل کی اور 18ویں اوور کی چوتھی گیند پر چھکا لگا کر رن ریٹ بڑھانے کی کوشش کی۔ تاہم، ہولڈر نے اگلی ہی گیند پر ان کی جدوجہد ختم کر دی۔
سوریہ کمار نے 45 گیندوں پر چار چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 61 رنز بنائے، جب کہ ان کی وکٹ کے بعد اگلی چھ گیندوں پر ارشدیپ سنگھ (چار گیندوں، آٹھ رنز) اور کلدیپ یادو (0) بھی پویلین لوٹ گئے۔ ہندوستان کے لیے 150 رنز تک پہنچنا مشکل تھا لیکن ہندوستان نے آخری اوور میں 16 رنز جوڑ کر اسکور کو 165 رنز تک پہنچا دیا۔ (یو این آئی)