میلبورن: سوریہ کمار یادو (61 ناٹ آؤٹ) اور لوکیش راہل (51) کی دھماکہ خیز نصف سنچریوں کی بدولت بھارت نے ٹی 20 ورلڈ کپ 2022 کے سپر-12 میچ میں زمبابوے کے سامنے 187 رن کا ہدف رکھا۔IND vs ZIM T20 World Cup
بھارت نے ٹاس جیت کر بلے بازی کا فیصلہ کیا اور کپتان روہت شرما (15) کی وکٹ جلد گنوانے کے باوجود پاور پلے میں 46 رن جوڑے۔ راہل اور وراٹ کوہلی نے دوسری وکٹ کے لیے 60 رن کی شراکت داری کی۔ کوہلی 25 گیندوں میں صرف 26 رن بنا سکے لیکن راہل نے ٹورنامنٹ کی اپنی دوسری نصف سنچری اسکور کرتے ہوئے 35 گیندوں میں تین چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 51 رن بنائے۔ ٹی 20 ورلڈ کپ 2022 میں اپنا پہلا میچ کھیل رہے رشبھ پنت نے تین رن بناکر ریان برلے کے ہاتھوں قابل دید کیچ آوٹ سے ہو گئے۔
زمبابوے درمیانی اووروں میں کوہلی، راہل اور پنت کی وکٹوں کے ساتھ میچ میں واپسی کرتا نظر آیا لیکن سوریہ کمار نے ایک بار پھر اپنی دھماکہ خیز بلے بازی سے اپوزیشن کو بے بس کر دیا۔ سوریہ کمار نے ایک اور تیز نصف سنچری اسکور کی، انہوں نے 25 گیندوں پر چھ چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے ناٹ آوٹ 61 رن بنائے۔ وہ محمد رضوان (2021) کے بعد دوسرے بلے باز بھی بن گئے جنہوں نے ایک سال میں 1000 سے زیادہ ٹی 20 انٹرنیشنل رن بنائے۔ سوریہ کمار کی بدولت بھارت نے آخری پانچ اووروں میں 79 رن جوڑے اور 20 اوور میں 186/5 کا اسکور بنایا۔
یواین آئی