حیدرآباد: آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ میں ایک بار پھر پاکستان کو بھارت کے ہاتھوں عبرتناک شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ ورلڈ کپ میں اب تک پاکستانی ٹیم بھارت کے خلاف کوئی بھی ون ڈے میچ نہیں جیت سکی ہے۔ ورلڈ کپ 2023 کا میچ ہفتہ کو احمد آباد میں کھیلا گیا جس میں ہندوستانی ٹیم نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دی۔اس میچ میں ہندوستانی ٹیم نے 30.3 اوورز میں 7 وکٹوں سے میچ جیت لیا۔
ورلڈ کپ کی تاریخ میں بھارت اور پاکستان کے درمیان اب تک 8 میچز ہو چکے ہیں۔ ہر بار ہندوستانی ٹیم جیتی ہے۔ یعنی پاکستانی ٹیم ون ڈے ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف ایک بھی میچ جیتنے میں کامیاب نہیں ہو سکی۔ اس بار بابر اعظم کی کپتانی میں فتح کی کچھ امید تھی لیکن ٹیم کی حالت توقعات کے برعکس تھی۔
کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کا 12واں میچ آج نریندر مودی اسٹیڈیم میں ٹیم انڈیا اور پاکستان کے درمیان کھیلا گیا جس میں پاکستان کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ پاکستان نے بھارت کو جیت کے لیے 192 رنز کا ہدف دیا تھا۔ پاکستانی ٹیم ٹاس ہار کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 42.5 اوورز میں 191 رنز تک محدود رہی۔ ایک وقت پاکستان کا سکور 29.3 اوورز میں دو وکٹوں پر 155 رنز تھا اور اس کی پوزیشن مضبوط نظر آ رہی تھی۔ اس کے بعد بھارتی باؤلرز نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستانی ٹیم کو شکست دی۔ بابر اعظم نے سب سے زیادہ 50 اور محمد رضوان نے 49 رنز بنائے۔
بابر اعظم اور محمد رضوان نے تیسری وکٹ کے لیے 82 رنز کی شراکت قائم کی۔ لیکن دونوں کے آؤٹ ہونے کے بعد پاکستان کی پوری ٹیم 191 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
ٹیم انڈیا کی جانب سے کپتان روہت شرما نے 86 رنز کی پاری کھیلی۔ اس دوران انہوں نے 6 چوکے اور 6 چھکے لگائے۔ روہت شرما کے بعد شریاس ایر نے بھی شاندار نصف سنچری اسکور کی۔
پاکستان نے اپنی آخری 8 وکٹیں صرف 36 رنز پر گنوا دیں۔ ہندوستان کی جانب سے فاسٹ بولر محمد سراج کے علاوہ جسپریت بمراہ، ہاردک پانڈیا، اسپنر کلدیپ یادو اور رویندرا جدیجا نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
روہت شرما کے 86 رنز کے علاوہ شریاس ایئر نے 53 ناٹ آؤٹ، کے ایل راہول نے 19 ناٹ آؤٹ، شوبمن گل نے 16 اور ویرات کوہلی نے 16 رنز بنائے۔ پاکستان کے لیے کوئی بھی گیند باز بھارتی بلے بازوں پر حاوی نہ ہو سکا۔ فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے 2 اور حسن علی نے 1 وکٹ حاصل کی۔