نئی دہلی: بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان ون ڈے ورلڈ کپ 2023 کا فائنل میچ 19 نومبر کو احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ اگر ہم بھارتی ٹیم کی حالیہ پرفارمنس پر نظر ڈالیں تو روہت شرما کی ٹیم کا بہتر نظر آرہی ہے لیکن اگر ہم آسٹریلوی ٹیم کی تاریخ پر نظر ڈالیں تو پیٹ کمنز کی ٹیم کا آگے نظر آ رہی ہے۔ یہ ون ڈے ورلڈ کپ کی تاریخ میں آسٹریلیا کا آٹھواں جبکہ بھارت کا تیسرا فائنل میچ ہوگا۔ آسٹریلیا 5 مرتبہ عالمی چیمپئن بن چکا ہے جبکہ بھارت صرف 2 مرتبہ ہی عالمی چیمپئن بن سکا ہے۔
ون ڈے ورلڈ کپ کی تاریخ میں اب تک بھارت اور آسٹریلیا ایک دوسرے کے خلاف کل 13 میچ کھیل چکے ہیں۔ اس دوران بھارت نے 5 میچ جیتے ہیں جبکہ آسٹریلیا نے 8 میچ جیتے ہیں۔ جبکہ ناک اوٹ میچ میں یہ دونوں ٹیمیں تین مرتبہ مدمقابل ہوچکے ہیں جس میں آسٹریلیا کو دو مرتبہ اور بھارت کو ایک مرتبہ کامیابی ملی ہے۔ یہ چوتھا موقع ہوگا جب دونوں ٹیمیں 19 نومبر کو ورلڈ کپ 2023 کے فائنل میں احمدآباد کے نریندر مودی اسٹیڈیئم میں آمنے سامنے ہوں گی۔
- 1 - بھارت بمقابلہ آسٹریلیا فائنل (2003 ورلڈ کپ)
ونڈے ورلڈ کپ 2003 کا فائنل میچ بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان جنوبی افریقہ کے شہر جوہانسبرگ میں کھیلا گیا۔ اس میچ میں آسٹریلیا نے 50 اوورز کے اختتام پر 2 وکٹوں کے نقصان پر 359 رنز بنائے تھے اور 360 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم 39.2 اوورز میں 234 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی جس کے ساتھ ہی آسٹریلیا نے بھارت کو 125 رنز سے شکست دے کر ٹرافی جیتنے کا خواب چکنا چور کردیا۔
- 2 - بھارت بمقابلہ آسٹریلیا کوارٹر فائنل (2011 ورلڈ کپ)
بھارت اور آسٹریلیا 2011 ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں بھی آمنے سامنے تھے۔ اس میچ میں آسٹریلیا نے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 260 رنز بنائے اور بھارتی ٹیم نے یہ ہدف 47.4 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ اس کے ساتھ ہی بھارت نے یہ میچ 14 گیندیں باقی رہ کر 5 وکٹوں سے جیت کر آسٹریلیا کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے خواب چکنا چور کر دیئے۔
- 3 - بھارت بمقابلہ آسٹریلیا سیمی فائنل (2015 ورلڈ کپ)
بھارت ون ڈے ورلڈ کپ 2015 میں دفاعی چیمپئن تھا۔ لیکن ٹیم انڈیا سیمی فائنل میں آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست کھا کر ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئی تھی۔اس میچ میں آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 7 وکٹوں پر 328 رنز بنائے تھے اور پھر ہدف کے تعاقب میں بھارت کی ٹیم 46.5 اوورز میں 233 رنز پر ہی آل آؤٹ ہوکر 95 رنز سے میچ ہار گئی۔ اس کے ساتھ ہی بھارت 2011 میں جیتے ہوئے اپنے ٹائٹل کا دفاع نہیں کر سکا تھا۔
اب بھارت اور آسٹریلیا ون ڈے ورلڈ کپ کے فائنل میں دوسری مرتبہ اور ناک آؤٹ میچز میں چوتھی بار مد مقابل ہوں گے۔ لیکن اس دفعہ کون کس کو شکست دے کر عالمی چیمپئن کا تاج اپنے نام کرنے میں کامیاب ہوگا یہ 19 نومبر کو واضح ہوجائے گا۔
یہ بھی پڑھیں