پرتھ: ایلکس ہیلز (84) اور جوس بٹلر (68) کی جارحانہ نصف سنچریوں کے بعد مارک ووڈ (34/3) کی خطرناک گیندبازی کی بدولت انگلینڈ نے اتوار کو پہلے ٹی 20 میں آسٹریلیا کو آٹھ رن سے شکست دے دی۔ انگلینڈ نے آسٹریلیا کے سامنے 20 اوورز میں 209 رنز کا ہدف رکھا جس کے جواب میں آسٹریلیا کی ٹیم صرف 200 رنز تک ہی پہنچ سکی۔ England Beat Australia
انگلینڈ کے لئے جیت کی بنیاد رکھنے کے لیے ہیلز اور بٹلر نے پہلی وکٹ کے لیے 68 گیندوں پر 132 رنز کی شاندارشراکت قائم کی۔ ہیلز نے 51 گیندوں پر 12 چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 84 رنز بنائے جبکہ بٹلر نے چوٹ سے واپسی کرتے ہوئے 32 گیندوں پر آٹھ چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 68 رن بنائے۔ مڈل آرڈر کی ناکامی کے باوجود انگلینڈ نے 20 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 208 رنز بنائے اور یہ اسکور آسٹریلیا کے لیے چیلنجنگ ثابت ہوا۔
209 کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا نے کیمرون گرین (01) کے آؤٹ ہونے کے باوجود پاور پلے میں 62 رنز جوڑے۔ ڈیوڈ وارنر اور مچل مارش نے دوسری وکٹ کے لیے 71 رنز جوڑے، حالانکہ مارش (36) کی وکٹ گرنے کے بعد ایرون فنچ (12) بھی جلد ہی پویلین لوٹ گئے۔
اس کے بعد مارکس اسٹوئنس نے 15 گیندوں میں دو چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 35 رنز بنا کر آسٹریلیا کی پوزیشن مضبوط کر دی لیکن ووڈ نے 15 ویں اوور میں اسٹوئنس اور ٹم ڈیوڈ ( صفر) کی وکٹیں لے کر میچ کو مزید دلچسپ بنا دیا۔
یہ بھی پڑھیں: India South Africa Match بھارت نے جنوبی افریقہ کو دی شکست
آسٹریلیا کو چار اوورز میں 40 رنز درکار تھے اور وارنر اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کر رہے تھے لیکن ووڈ ایک بار پھر انگلینڈ کے لیے کارگر ثابت ہوئے اور انہوں نے وارنر کو ہیلز کے ہاتھوں کیچ کرا دیا۔ وارنر نے آؤٹ ہونے سے قبل 44 گیندوں میں آٹھ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 73 رنز بنائے۔
آسٹریلیا کو آخری اوور میں 16 رنز درکار تھے۔ میتھیو ویڈ (21) نے پہلی گیند پر چوکا لگایا لیکن تیسری گیند پر ان کی وکٹ گرنے سے آسٹریلیا کی جیت کی امیدیں ختم ہوگئیں اور ٹیم 20 اوورز میں 200/9 تک پہنچ سکی۔ انگلینڈ کی جانب سے ووڈ کے علاوہ ریس ٹوپلی اور سیم کرن نے دو دو جبکہ عادل راشد نے ایک وکٹ حاصل کی۔
یو این آئی