بھارت کے ہیڈ کوچ راہل ڈراوڈ نے اتوار کے روز سری لنکا روانگی سے قبل پریس کانفرنس میں کہا کہ انہیں امید ہے کہ یک روزہ اور ٹی 20 کے لیے منتخب کھلاڑی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے تاکہ وہ اس سال کے آخر میں کھیلے جانے والے ٹی-20 ورلڈ کپ کے لیے سلیکٹرز کے دروازے کو کھٹکھٹا سکیں۔
بھارت اور سری لنکا کے درمیان 13 جولائی سے تین یک روزہ اور تین ٹی-20 میچز کی سیریز کھیلی جائے گی۔ دراوڈ نے کہا کہ سنجو سیمسن، ایشان کشن اور سوریا کمار یادو یک روزہ ٹیم میں شامل ہیں اور وہ ٹی-20 ورلڈ کپ میں اپنی جگہ کو مستحکم کرنے کے خواہاں ہوں گے۔
ڈراوڈ نے مزید کہا کہ ویسے تو اسکواڈ میں بہت سارے کھلاڑی موجود ہیں جو ٹی-20 ورلڈ کپ میں اپنی جگہ بنانے کے لیے زور دے رہے ہیں۔ لیکن اسکواڈ اور ٹیم میں ہر ایک کے لیے کلیدی مقصد سیریز کو جیتنے کی کوشش کرنا اور جیتنا ہے۔ ہم نے اس تعلق سے تبادلہ خیال کیا ہے اور یہی بنیادی مقصد ہے۔ ہم سیریز جیتنے کے لیے وہاں جارہے ہیں۔ امید ہے کہ کھلاڑیوں کو سیریز جیتنے کی کوشش کرتے ہوئے اچھی پرفارمنس پیش کرنے کا موقع ملے گا اور وہ سلیکٹرز کے دروازے کھٹکھٹائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ میں بھارت کا سفر
سری لنکا کے خلاف محدود اوورز کی سیریز کے لیے شیکھر دھون پہلی بار ٹیم کی قیادت کرنے کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا " بھارتی ٹیم کا کپتان بننا میرے لیے بہت اعزاز کی بات ہے، میں نے ایک بار راہل ڈراوڈ کی کوچنگ کے تحت کھیلا ہے۔ میں اس وقت انڈیا اے کا کپتان تھا جب ہم نے بنگلہ دیش کے خلاف کھیلا تھا۔
دھون نے کہا کہ ہم لوگ مل کر سوچتے ہیں، ہم مثبت چیزوں کو ہی فروغ دیتے ہیں اور ایک خوشگوار ماحول تیار کرتے ہیں، تاکہ کھلاڑی اپنے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرسکیں۔
یہ بھی پڑھیں: رنگنا ہیرات اور ایشویل پرنس بنگلہ دیش ٹیم سے وابستہ
بھارتی ٹیم کا اسکواڈ: شیکھر دھون (کپتان)، بھونیشور کمار (نائب کپتان)، پرتھوی شاہ، دیودت پڈیکل، ریتو راج گائکواڈ، سوریا کمار یادو، منیش پانڈے، ہاردک پانڈیا، نتیش رانا، ایشان کشن (وکٹ کیپر)، سنجو سیمسن (وکٹ کیپر)، یوزویندر چہل، راہل چاہر، کرشنپا گوتم، کرونال پانڈیا، کلدیپ یادو، ورون چکرورتی، دیپک چاہر، نویدیپ سینی اور چیتن سکاریا۔
نیٹ بالر: ایشان پوریل، سندیپ واریئر، ارشدیپ سنگھ، سائی کشور اور سمرجیت سنگھ۔